رسائی کے لنکس

بالی وڈ کے سدا بہار بوڑھے ہیرو


بالی وڈ کے سدا بہار بوڑھے ہیرو
بالی وڈ کے سدا بہار بوڑھے ہیرو

کچھ ہی سال پہلے کی بات ہے شاہ رخ خان ، رانی مکھرجی اور کاجول پر پکچرائز ہونے والا ایک گانا بھارت اور پاکستان کے ہر گھر میں دن رات بجا کرتا تھا ۔ گانے کے بو ل تھے ”تم پاس آئے ،یوں مسکرائے تم نے نہ جانے کیا سپنے دکھائے، ۔۔۔!! گانے کا تھیم ہی یہ ہے کہ ”جواں سال “لڑکااور لڑکی ایک دوسرے کے ساتھ پیار کا اظہار کررہے ہیں۔۔مگر اسکرین سے ذراہٹ کر سوچئے ۔۔ کیا واقعی شاہ رخ خان اتنے ہی ”جواں سال“ ہیں کہ انہیں اس عمر میں ”کچھ کچھ “ہونے کی ’شکایت ‘ ہو !!

دوسری جانب سلمان خان نے فلم ” دبنگ “ ایک گانا بہت دبنگ انداز میں گایا ہے ”تیرے مست مست دو نین، میرے دل کا لے گئے چین ۔۔۔“سلمان خان 45 سال کے پیٹے میں ہیں ، کیا واقعی اس عمر میں بھی کسی کے مست مست نین ، دل کا چین اڑا سکتے ہیں!!۔۔حقیقت میں کچھ ہویا نہ ہو بالی ووڈ فلموں میں تو یہ لازمی سا ہے۔

کسی بھی فلمی ہیرو کا خیال آتے ہی ذہن میں اس کی عمر کاعمومی تاثر 25یا 26 سال سے زیادہ کا نہیں ابھرتا لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس وقت بالی ووڈ کے جتنے بھی ہیروہیں وہ ’فوٹی پلس ‘ہیں یعنی ان کی عمر 40 اور50سال کے درمیان ہے ۔بے شک ان کی بدولت فلموں نے کروڑوں اور اربوں کا بزنس کیا ہو لیکن حقیقت یہ ہے کہ آج کے کامیاب ترین فلمی ہیروز کی عمر ڈھل گئی ہے اوروہ ’بوڑھے‘ ہونے لگے ہیں۔

اس فہرست میں ’خان ہیروز‘کا نمبر سب سے پہلے آتا ہے جو 1990ء کے عشرے میں آئے لیکن آج 20 سال کا وقفہ گزرجانے کے باوجود انہیں نہ صرف بطور ہیروز کاسٹ کیا جارہا ہے بلکہ ان کی فلمیں آج بھی سب سے زیادہ بزنس کررہی ہیں۔ ان کی معاوضہ بھی اصل نوجوان ہیروز سے کہیں زیادہ ہے جبکہ میڈیا بھی آج تک انہی کو سب سے زیادہ کوریج دیتا ہے ۔

سلمان خان 45سال کے ہوگئے لیکن ” وانٹیڈ“، ” دبنگ “، ”ریڈی“اور ”باڈی گارڈ“کی زبردست کامیابی نے ثابت کیا کہ آج بھی انہی کی مارکیٹ سب سے’ ہائی‘ ہے حالانکہ ان کے بال گرنے لگے ہیں اور وہ حال ہی میں امریکا سے سرجری کراکر واپس آئے ہیں ۔

یہی کچھ شاہ رخ خان کے ساتھ ہے۔ انہیں کمر کی تکلیف ہے لیکن پچھلے مہینے ہی میں ان کی کروڑوں روپے کی لاگت سے بنی فلم” را۔ون“ ریلیز ہوئی ہے جس میں وہ بطور سپر ہیرو نظر آئے ہیں ۔ فرحان اختر کی فلم ”ڈان ٹو “بھی عنقریب ریلیز ہونے والی ہے اور اس کے ہیرو بھی شاہ رخ خان ہی ہیں حالانکہ ڈھلتی ہوئی عمر کے آثار اب شاہ رخ کے چہرے پر نمایاں ہونے لگے ہیں۔

ان دونوں سے ذرا نظر ہٹاکر عامر خان اور سیف علی خان کی طرف دیکھیں تو یہ بھی 40 کو کراس کرچکے ہیں۔ اجے دیوگن ”سنگھم “ میں کسی نو عمر لڑکے کی طرح ہیروئن کی ساتھ گانے گاتے نظر آتے ہیں حالانکہ وہ شادی شدہ اور بچے والے ہیں اور عمر کی کم و بیش اتنی ہی بہاریں دیکھ چکے ہیں جتنی عامر خان یا سیف علی خان نے دیکھی ہیں۔

بالی ووڈ کے ہی دو ہیروز ایسے بھی ہیں جوعمر کی پچاس سے زیادہ بہاریں دیکھ چکے ہیں۔ 51 سالہ انیل کپور اور سنجے دت۔لیکن بڑی عمر کے باوجود آج بھی ان دونوں کو ہیروز کے روپ میں دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ ”ڈبل ڈھمال“ اور” چتور سنگھ ٹو اسٹار“ سنجے دت کی حالیہ فلمیں ہیں جبکہ انیل کپور ہالی ووڈ فلموں کے بعد اب بالی ووڈ فلموں کارخ کررہے ہیں۔ ان کا فلموں میں ہیروز کے طور پر کام کرنے کا شوق ابھی بھی ماندھ نہیں پڑا ہے۔

اب ذکر کچھ بوڑھی ہوتی ہیروئنز کا۔ مادھوری ڈکشٹ 44اور سری دیوی 48سال کے پیٹے میں ہیں۔ یہ دونوں ناصرف فلموں میں واپسی کا ارادہ کرچکی ہیں بلکہ نئی فلمیں بھی سائن کرچکی ہیں۔ یہ وہ اداکارائیں ہیں جوکئی کئی سال پہلے شادی کرکے اپنی اپنی دنیا میں مگن ہوگئی تھیں اور فلموں سے کنارہ کش ہوگئی تھیں لیکن اب ایک بار پھر ان کی واپسی ہورہی ہے۔

ان دونوں ہیروئز نے 1980ءاور 1990ءکے عشرے میں فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ لطف کی بات یہ ہے کہ سری دیوی فلم ”انگلش ونگلش “میں لیڈنگ رولز کے لئے اپنا وزن تک کم کرچکی ہیں ۔

XS
SM
MD
LG