رسائی کے لنکس

سپرہٹ فلم ”سنگھم “ کی ہیروئن کاجل اگروال کو نئی فلم مل گئی


سال 2011ء کی کامیاب فلم” سنگھم“ سے ہندی فلموں میں اپنی پہچان بنانے والی اداکارہ کاجل اگروال نے اکشے کمار کے ساتھ ایک نئی فلم سائن کرلی ہے۔فلم کا نام ہے” اسپیشل چھبیس“۔ کاجل اس فلم میں ایک ٹھگ کی محبوبہ کاکردار ادا کررہی ہیں۔فلم کے ڈائریکٹر نیراج پانڈے ہیں جو اس سے پہلے فلم” اے وینسڈے“ ڈائریکٹ کرچکے ہیں ۔ یہ فلم 1987ء میں پیش آنے والے ایک سچے واقعہ پر مبنی ہے۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ شہر کا ایک ٹھگ ممبئی کی ایک جیولری شاپ میں خود کو سی بی آئی کا عہدیدار بتاتے ہوئے سخت سیکورٹی کے باوجود اندر داخل ہوجاتا ہے۔ اندر پہنچ کر وہ لوگوں کو اپنی باتوں میں لگاکر لاکھوں روپے کے قیمتی ریوات لے اڑتا ہے ۔ اس واقعے سے جیولرز میں اس کی دہشت بیٹھ جاتی ہے۔ فلم میں ٹھگ کا کردار اکشے کمار نے ادا کیا ہے جبکہ ان کی محبوبہ بنی ہیں کاجل اگروال۔

”سنگھم“ ہندی سینما کے لئے کاجل اگر وال کی پہلی فلم تھی جو گزشتہ سال کی سپرہٹ فلم بھی ثابت ہوئی۔ بطور ہیروئن یہ کاجل کی پہلی فلم نہیں تھی بلکہ وہ پہلے سے جنوبی بھارت کی علاقائی زبان میں بطور ہیروئن کام کرتی رہی ہیں۔ساوٴتھ انڈین فلم انڈسڑی میں زیادہ تر تامل ، کنڑ اور تیلگوزبانوں میں فلمیں بنتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کاجل ان تنیوں زبانوں سے نابلد تھیں اور ایک پیور پنجابی فیملی سے تعلق رکھتی ہیں مگر اس کے باوجود وہ علاقائی فلموں کا جانا پہچانہ نام ہیں۔

فلم” سنگھم“ کی کامیابی کے بارے میں کاجل کہتی ہیں”مجھے اندازہ تو تھا کہ فلم بہت اچھی ثابت ہو گی کیونکہ میں نے اس کا تامل ورژن دیکھا ہوا تھا لیکن اتنی کامیاب ہوگی اس کا اندازہ نہیں تھا۔ یہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ روہت شیٹی نے اس فلم پر بہت محنت کی اور ہندی ناظرین کے مزاج کو مد نظر رکھتے ہوئے اس میں بہت سی تبدیلیاں کیں، شاید ہم سب کی محنت کا یہ نتیجہ ہے کہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی “

کاجل سے جب یہ پوچھا گیا کہ” سنگھم“ کی کامیابی کا کریڈٹ اجے دیوگن کو دیا جا رہا ہے ،اس صورت میں وہ خود کو نظر انداز ہوتا تو محسوس نہیں کر تیں ؟اس پر ان کا کہنا ہے کہ نہیں ۔۔۔ ایسا بالکل نہیں ۔ ”سنگھم“کی پوری کہانی ہیروٴ کے ہی گرد گھومتی ہے ۔پھر اجے نے اپنے کردار میں بہت محنت بھی کی ہے لہذافلم کو جو پذیرائی ملی اس کا کریڈیٹ اجے کو ملنا چاہئے۔ رہی میری بات تو ایسا ہرگز نہیں کہ مجھے مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہو ۔

کاجل اب بولی وڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری ۔۔دونوں جگہ کام میں مصروف ہیں ۔ ان دنوں وہ ایک تامل، ایک تیلگو اور ایک ہندی فلم میں کام کررہی ہیں حالانکہ ان کا فلمی کیرئیر حادثاتی طور پر شروع ہوا تھا۔ وہ ماس میڈیا کی طلبہ تھیں کہ انٹرن شپ کے دوران ایک فوٹو شوٹ پر کام کرتے ہوئے ایک فوٹر گرافر نے انہیں ماڈلنگ کی ترغیب دی اور مختلف جگہوں پر ان کے پورٹ فولیو روانہ کر دیئے ۔ ان تصویروں کو دیکھ کر ساؤتھ انڈیا کے ایک بڑے ڈائریکٹر نے انہیں اپنی فلم کی پیشکش کر دی اور یوں وہ مزید تعلیم حاصل کرنے کے بجائے فلم نگری میں آپہنچیں ۔

شادی اور فرینڈ شپ کے ذکر پر کاجل نے اچانک انکشاف کیا کہ کالج کے دنوں میں وہ ایک نوجوان کو پسند کرتی تھیں اور یہ تعلق ان کے لئے بہت اہمیت رکھتا تھا لیکن پھر ان کی مصروفیت نے دونوں کے درمیان فاصلے بڑھا دیئے۔کاجل کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ یہ فاصلے بڑھ رہے ہیں۔ مگر میرے ذہن میں اس کا تصور آج بھی زندہ ہے۔

XS
SM
MD
LG