رسائی کے لنکس

فلمی دنیا کی غیر فلمی باتیں: کرشمہ کی شادی طلاق تک جاپہنچی


فلمی دنیا کی غیر فلمی باتیں: کرشمہ کی شادی طلاق تک جاپہنچی
فلمی دنیا کی غیر فلمی باتیں: کرشمہ کی شادی طلاق تک جاپہنچی

کرشمہ نے نوے کی دہائی میں عامر خان کے ساتھ ایک فلم "راجہ ہندوستانی" میں اداکاری کی تھی۔ یہ فلم کرشمہ کی کامیاب فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کی کہانی میاں بیوی کے درمیان ناچاقیوں کے گرد گھومتی ہے ۔ دونوں ایک دوسرے سے پسند کی شادی کرتے ہیں مگر جلد ہی نوبت عدالت اور پھر طلاق تک جاپہنچتی ہے ۔ عجیب اتفاق ہے کہ ان دنوں کرشمہ کی اصل زندگی میں بھی وہی کچھ ہورہا ہے جو راجہ ہندوستانی کی کہانی میں ہوتا ہے۔ پسند کی شادی، شادی کے کچھ ہی عرصے بعد چھوٹی چھوٹی باتوں پر جھگڑے اورآخر میں کورٹ کچہری۔

کرشمہ کپور نے کروڑ پتی تاجر سنجے کپور سے کچھ سال پہلے ہی اپنی مرضی سے شادی کی تھی مگر تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب کرشمہ جلد ہی اس شادی سے علیحدگی اختیار کرنے کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے والی ہیں۔ طلاق کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ کرشمہ کے شوہر نامدار نیویارک کے ایک تاجر کی سابقہ بیوی میں ان دنوں کچھ زیادہ ہی دلچسپی لے رہے ہیں جو ظاہر ہے کرشمہ کو کسی صورت برداشت نہیں۔

کرشمہ کپور پچھلے تین ماہ سے اپنے شوہر سے الگ ممبئی میں رہ رہی ہیں۔ قریبی ذرائع کے مطابق کرشمہ ان دنوں علیحدگی کے معاملے پر بہت زیادہ پریشان ہیں۔ وہ سنجے سے الگ ہونا چاہتی ہیں مگر میڈیا کو بتائے بغیر۔ ان کامیڈیا سے دور بھاگنے کا یہ عالم ہے کہ چند دنوں پہلے کرشمہ ایک ہائی پروفائل پارٹی چھوڑ کر محض اس لئے بھاگ کھڑی ہوئیں کہ میڈیا والوں نے انہیں دیکھ لیا تھا۔

کرشمہ نے 2003ء میں ابھیشیک بچن سے منگنی توڑ کر اچانک ہی سنجے سے شادی کرلی تھی۔ سنجے نے کرشمہ سے شادی کے کچھ ہی دن بعد اپنی بیوی فیشن ڈیزائنر نندنی مہتانی کو طلاق د ے دی تھی۔ سن دوہزار پانچ میں کرشمہ نے ایک بیٹی کو جنم دیا جس کے بعد سے ہی دونوں میں دوریاں پیدا ہونے لگیں تاہم رواں سال مارچ میں ایک بیٹا ہونے کے بعد یہ دوریاں فاصلوں میں بدل گئیں اور یہ فاصلے بڑھتے بڑھتے اب عدالت کے دروازے تک پہنچ گئے ہیں ۔ کوئی بھروسا نہیں کہ جلد ہی آپ دونوں کی علیحدگی کی خبریں پڑھیں۔

1975ء کی کامیاب ترین فلم "چپکے چپکے" اب دوبارہ بنے گی

بالی ووڈ میں گیتوں کی ری مکسنگ تو ہی رہی تھی اب پرانی فلموں کی ری میکنگ کا رجحان بھی بڑھتا جارہا ہے۔ امیتابھ بچن کی پرانی فلم 'ڈان' کی طرح اب ایک اور مشہور کامیڈی فلم "چپکے چپکے" کی ری میکنگ ہونے جارہی ہے۔ "چپکے چپکے" سال 1975کی کامیاب ترین فلم ہے جس میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، شرمیلا ٹیگور، اوم پرکاش اوراسرانی سمیت متعدد مشہور فنکاروں نے اداکاری کی تھی۔ فلم کے ڈائریکٹر تھے ریشی کیش مکھرجی جبکہ موسیقی دی تھی آر ڈی برمن نے۔

فلم کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ری میک کی غرض سے اس کے قانونی حقوق حاصل کرلئے گئے ہیں۔ فلم جلد ہی فلور پر بھی چلی جائے گی۔

فلم کی کامیابی کی وجہ جہاں اس کی ہلکی پھلکی کامیڈی ہے وہیں فلم کا میوزک اور شاعری اس کامیابی کی ضمانت بنا۔ فلم کے تقریباً تمام گانے ہٹ تھے اور انہوں نے اس دور میں بھی باقی گانوں کو پیچھے چھوڑدیا تھا۔ "چپکے چپکے "کی ری میکنگ اس حوالے اپنے اندر کئی چیلنجز لئے ہوئے ہے کہ آیا نئی فلم کامیڈی، شاعری، اداکاری اور سب سے بڑ ھ کر موسیقی کے مقابلے میں اسی طرح ریکارڈ قائم کرسکے گی جس طرح ماضی میں ریکارڈ بنے یا ڈان ٹو کی طرح محض ایک اوسط فلم ثابت ہوگی؟

XS
SM
MD
LG