برازیل فٹبال کنفیڈریشن (سی بی ایف) نے سابق کپتان کارلوس کئیٹانو ڈنگا کو فلپ اسکولاری کی جگہ ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا ہے۔
برازیل کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں عالمی چیمپیئن جرمنی سے 1-7 سے تاریخ کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد برازیل کے فٹبال حکام نے 65 سالہ فلپ اسکولاری کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈنگا 1994ء میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کے کپتان تھے اور انھیں دوسری مرتبہ ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سونپے گئے ہیں۔
برازیل فٹبال کنفیڈریشن نے ریو ڈی جنیرو میں ایک پریس کانفرنس میں ڈنگا کی بطور کوچ تعیناتی کی تصدیق کی تاہم انھیں دی جانے والی تنخواہ کے بارے میں تفصیل نہیں بتائی۔
ڈنگا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس ذمہ داری پر اُنھیں انتہائی مسرت ہوئی ہے اور اُنھوں نے برازیل کی ٹیم کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی کی ہے۔
’’میں یہاں کوئی خواب دیکھانے نہیں آیا درحقیقت ہمیں ہر حال میں سخت محنت درکار ہو گی۔‘‘
سی بی ایف کے صدر جوز ماریا چاہتے ہیں کہ ڈنگا 2018ء میں روس میں ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ تک ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دیں۔
ڈنگا کو 2006ء کے ورلڈ کپ کے بعد برازیل کا کوچ مقرر کیا گیا تھا اور 2010ء کے عالمی کپ فٹبال کےکوارٹر فائنل میں برازیل کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد انھیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا۔