رسائی کے لنکس

برطانوی سفارت کاری کا مرکز ترقی پذیر معیشتیں ہوں گی: ولیم ہیگ


برطانوی سفارت کاری کا مرکز ترقی پذیر معیشتیں ہوں گی: ولیم ہیگ
برطانوی سفارت کاری کا مرکز ترقی پذیر معیشتیں ہوں گی: ولیم ہیگ

برطانوی وزیر خارجہ نے کہاہے کہ ان کا ملک مشرقی اور جنوبی ایشیا کے ترقی پذیر ممالک کے بڑھتے ہوئے سیاسی اور معاشی اثرورسوخ کی بنا پراپنی توجہ اس ایشیائی خطے کی جانب منتقل کررہاہے۔

وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے پیر کے روز کہا کہ چین اور بھارت بطور خاص برطانوی توجہ کا محور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ایشیا، لاطینی امریکہ اور خلیج فارس میں دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرے گی۔

ہانگ کانگ میں سالانہ معاشی فورم میں تقریر کرتے ہوئے ہیگ نے کہا کہ علاقے کے بعض ممالک کو درپیش جوہری پھیلاؤ، دہشت گردی اور آب وہوا کی تبدیلی جیسے مسائل سے نمٹنے میں تعاون کی ضرورت کے پیش نظر برطانیہ کے لیے ان علاقوں پر اپنی توجہ بڑھانا دگنا اہم ہے۔

ہیگ نے یہ بھی کہا کہ چین اور جاپان سامان تعیش کی دنیا کی سب سے بڑی منڈیاں ہیں جہاں بڑے پیمانے پر برطانوی اشیاء برآمد کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت یہ سمجھتی ہے کہ خارجہ پالیسی اور معاشی کامیابی کا گہرا ساتھ ہے۔

وزیر خارجہ ہیگ اپنے اس دورے میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی جائیں گے۔ گذشتہ 20 سال کے عرصے میں ان ممالک کا دورہ کرنے والے وہ پہلے برطانوی وزیر خارجہ ہیں۔

XS
SM
MD
LG