رسائی کے لنکس

لندن اولمپکس کے لیے ایک ہزار امریکی سیکیورٹی اہل کاروں کی پیش کش


لندن اولمپکس کے لیے ایک ہزار امریکی سیکیورٹی اہل کاروں کی پیش کش
لندن اولمپکس کے لیے ایک ہزار امریکی سیکیورٹی اہل کاروں کی پیش کش

امریکہ نے کہاہے کہ وہ لندن میں 2012ء میں ہونے والے اولمپکس کے لیے اپنے ایک ہزار سیکیورٹی اہل کار برطانیہ بھیجنے کے لیے تیار ہے۔ اخبار گارڈین نے اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاہے کہ سیکیورٹی اہل کار بھیجنے کا مقصد اولمپکس کی سیکیورٹی سے متعلق امریکی خدشات ہیں۔

اخبار گارڈین کا کہناہے کہ اگست کے دوران لندن میں پھوٹنے والے ہنگاموں اور انسداد دہشت گردی سے متعلق بعض اختیارت پر پابندی سے امریکی خدشات میں اضافہ ہواہے۔

امریکہ کے سیکیورٹی منصوبے کے تحت ان میں ایف بی آئی کے 500 اہل کار بھی شامل ہوں گے جو امریکی سفارت کاروں اور کھلاڑیوں کو تحفظ فراہم کرنے پر مامور کیے جائیں گے۔

سیکیورٹی کے طریقہ کار سے متعلق امریکی سوالات نے برطانوی عہدے داروں کوپریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔

لندن کی آرگنائزنگ کمیٹی ، جو کھیلوں کی تیاریوں اور انتظامات کی نگران ہے ، کھیل کے میدان میں سیکیورٹی سے متعلق خدشات دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

ابتدامیں کمیٹی نے کہا تھا کہ اسے حفاظتی انتظامات کے لیے تقریباً 10 ہزار سیکیورٹی اہل کاروں کی ضرورت ہوگی ، لیکن اب اس کا خیال ہے کہ اسے 21 ہزار اہل کاروں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

اخبار گارڈین کا کہناہے کہ پولیس کے اعلیٰ عہدے داروں نے وزراء اور کمیٹی کو خبردار کیا ہے کہ اولمپکس کے سیکیورٹی انتظامات کے لیے 10 ہزار سیکیورٹی اہل کار بہت کم ہیں ۔

مغربی خفیہ اداروں کو خدشہ ہے کہ القاعدہ یا اس سے منسلک کوئی دہشت گرد تنظیم امریکی کھلاڑیوں کو ہدف بناکر اولمپکس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرسکتی ہے۔

برطانیہ کے وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے کہاہے کہ سیکیورٹی انتظامات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو ان انتظامات پر مکمل بھروسہ ہے۔

XS
SM
MD
LG