رسائی کے لنکس

کیا براڈوے تھیٹرز اس سال کھل پائیں گے؟


نیویارک کے تھیٹرز کی تنظیم، براڈوے لیگ نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے اسٹیج ڈرامے ستمبر تک بند رہیں گے۔ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اس سال تھیٹرز کھولنا ممکن نہیں ہوگا۔

امریکہ میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد براڈوے کے تھیٹرز کو 13 مارچ کو بند کر دیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر 12 اپریل اور پھر 7 جون تک بندش کا فیصلہ کیا گیا۔ لیکن، تازہ اعلان میں اسے 6 ستمبر تک بڑھا دیا گیا ہے۔

مین ہٹن کی مصروف شارع براڈوے سے موسوم تنظیم کے 41 رکن تھیٹرز ہیں جو سال بھر ایک سے بڑھ کر ایک ڈرامے اسٹیج کرتے ہیں۔ مہنگے ہونے کے باوجود ان کے ٹکٹ مشکل سے ملتے ہیں اور مقامی لوگوں کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاح انھیں دیکھنے آتے ہیں۔

براڈوے کے تھیٹرز میں کھیلے گئے بہت سے ڈراموں پر بعد میں فلمیں بھی بنائی جا چکی ہیں اور یہاں سے کرئیر شروع کرنے والے بہت سے فنکاروں نے بعد میں عالمی شہرت حاصل کی۔ ہر سال براڈوے میں پیش کیے گئے ڈراموں اور ان کے فنکاروں کو ٹونی ایوارڈز دیے جاتے ہیں جن کا درجہ ہالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ کے برابر تسلیم کیا جاتا ہے۔

براڈوے لیگ کی صدر شارلٹ سینٹ مارٹن نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ تمام تھیٹرز کی خواہش ہے کہ جلد از جلد ڈرامے بحال کر دیں۔ لیکن اس سے پہلے ضروری ہے کہ تھیٹرز آنے والے اور یہاں کام کرنے والے ہر شخص کی صحت اور تندرستی کا خیال رکھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ تنظیم کارکنوں کی یونین، سرکاری حکام اور ماہرین صحت کے ساتھ مل کر اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ محفوظ طریقے سے کام کی بحالی کیسے ممکن ہے۔

مقبول کھیل ویسٹ سائیڈ اسٹوری کا ایک منظر
مقبول کھیل ویسٹ سائیڈ اسٹوری کا ایک منظر

بعض لوگوں نے تجویز دی تھی کہ سوشل ڈسٹینسنگ اور دوسری احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے تھیٹرز کھولے جاسکتے ہیں۔ لیکن، یہ خیال مسترد کردیا گیا تھا، کیونکہ اس صورت میں انتہائی مہنگے ڈراموں کی لاگت پوری ہونے کی بھی امید نہیں تھی۔

امریکی جریدے، 'ہالی ووڈ رپورٹر' کے مطابق، گزشتہ سیزن میں 15 کروڑ افراد نے براڈوے کے کھیل دیکھے اور تھیٹرز کی مجموعی آمدنی ایک ارب 80 کروڑ ڈالر تھی۔ اگر ان کی بدولت ہوٹلوں، ٹیکسیوں اور دوسرے شعبوں کی آمدنی کو شمار کیا جائے تو کل رقم پانچ ارب ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔

براڈوے کے تھیٹرز نیویارک کا پہلا شعبہ تھا جس نے کرونا وائرس کی وجہ سے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کی تھیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہی وہ آخری شعبہ ہوگا جو سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کرے گا۔

ایک ہفتہ پہلے سوسائٹی آف لندن تھیٹرز نے ڈراموں کی بندش کو 28 جون تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔ براڈوے کی طرح وہاں بھی کسی کو یقین نہیں کہ اس تاریخ کو تھیٹرز کھل جائیں گے۔ تجزیہ کار سمجھتے ہیں کہ اس تاریخ سے پہلے فیصلے پر پھر نظرثانی کی جائے گی اور اسے صورتحال کے مطابق کسی اور تاریخ تک بڑھادیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG