رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈز: فلمیں سنیما میں دکھانے کی شرط عارضی طور پر ختم


اکیڈمی نے ایسی فلموں کو بھی ایوارڈز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی نمائش سنیما گھروں میں طے تھی تاہم بندشوں کے باعث ان کو لائیو اسٹریمنگ وئب سائٹس پر پیش کیا گیا ہے۔
اکیڈمی نے ایسی فلموں کو بھی ایوارڈز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کی نمائش سنیما گھروں میں طے تھی تاہم بندشوں کے باعث ان کو لائیو اسٹریمنگ وئب سائٹس پر پیش کیا گیا ہے۔

کرونا وائرس کے سبب سال 2021 کے لیے آسکر ایوارڈز کے اصول و ضوابط بدل گئے ہیں۔ ایوارڈز میں وبا کے سبب سنیما میں ریلیز نہ ہونے والی فلمیں بھی شامل ہوں گی۔

نئے قواعد کا اطلاق صرف ایک سال کے لیے ہوگا۔ نئے قواعد کے مطابق دو کیٹیگریز کو بھی ضم کر دیا گیا ہے۔

روایتی طور پر اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز صرف ایسی فلموں کو آسکر ایوارڈز کے مقابلے کے لیے اہل سمجھتی ہے جن کی نمائش لاس اینجلس کے سنیما گھروں میں کم از کم سات دن تک ہو چکی ہو۔

امریکہ کے دوسرے بڑے شہر لاس اینجلس کے سنیما ہالز کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی غرض سے مارچ کے وسط میں ہی غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے گئے تھے۔ جس کے سبب بہت سی فلموں کی نمائش نہیں ہو سکی اور انہیں مجبورا اسٹریمنگ سائٹس پر پیش کیا گیا۔

اکیڈمی کی جانب سے منگل کو کیے جانے والے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے 93ویں ایوارڈز کے لیے ایسی فلمیں بھی اہل ہوں گی جن کی نمائش سنیما گھروں میں پہلے سے طے تھی اور جو اب کمرشل اسٹریمنگ پر موجود ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق حالیہ برسوں میں 'نیٹ فلکس' جیسی بڑی اسٹریمنگ کمپنیوں کی پروڈکشنز کی ریلیز کے بعد آسکر ایوارڈز کے قواعد پر بحث ہوتی رہی ہے۔ ایسی فلموں میں پچھلے سال ریلیز ہونے والی فلم 'دی آئرش مین' اور 2018 کی فلم 'روما' بھی شامل ہے۔ یہ دونوں فلمیں آن لائن اسٹریمنگ پر پیش کی گئی تھیں۔ بعد ازاں ان کو صرف چند سنیما گھروں میں بھی پیش کیا گیا تاکہ ان کی ایوارڈز کے لیے نامزدگی ہو سکے۔

فلموں کو آن لائن پیش کرنے سے پہلے تھیٹرز میں دکھائے جانے کی شرط تاحال برقرار ہے۔ اکیڈمی کی جانب سے اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ فلم کے نامزد ہونے کے لیے سنیما ہالز میں اس کی نمائش ضروری ہے۔ اکیڈمی کے مطابق اس بارے میں ان کا یہ عزم 'غیر متزلزل' اور 'اٹل' ہے۔

اکیڈمی کے صدر ڈیوڈ روبن اور سی ای او ڈان ہڈسن کا کہنا ہے کہ کووڈ 19 کی موجودگی المناک ہے اور ایسی صورت میں عارضی طور پر قواعد میں تبدیلی ضروری تھی۔ نیا قانون عارضی استثنیٰ ہے۔

تھیٹر کے دوبارہ کھلنے کے بعد اکیڈمی ایک تاریخ طے کرے گی جہاں سے قواعد میں تبدیلی کا اطلاق نہیں ہوگا اور فلموں کو سنیما ہالز میں پیش کرنے کی شرط دوبارہ نافذ ہوجائے گی۔

ایک اور نئے اصول کے مطابق آسکر ایوارڈز کے لیے ساؤنڈ مکسنگ اور ساؤنڈ ایڈیٹنگ کی کیٹیگریز کو ضم کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے جب کہ فلم فیسٹیولز کے لیے اکیڈمی کی جانب سے الاؤنسز دیے جائیں گے۔ یہ فیسٹیولز فلموں کے لیے کوالیفائنگ ایونٹس کا کام کرتے ہیں۔

اکیڈمی کے مطابق 93ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب اگلے سال 28 فروری کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگی۔

XS
SM
MD
LG