رسائی کے لنکس

برما میں کرنسی کی قدر کا تعین بذریعہ نیلامی


برما میں کرنسی کی قدر طے کرنے کے لیے نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس کے تحت ملکی کرنسی کی زرِ مبادلہ میں قیمت کا تعین منڈی میں نیلامی کے ذریعے کیا جائے گا۔

برما کے سرکاری اخبار 'نیو لائٹ آف میانمار'نے اپنی منگل کی اشاعت میں خبر دی ہے کہ حکومت نے ملکی کرنسی کیاٹ کی سرکاری قیمت ختم کردی ہے۔

سرکاری کی جانب سے طے شدہ قدر کے تحت ایک ڈالر ساڑھے آٹھ کیاٹ کے برابر تھا لیکن منگل کو اوپن مارکیٹ نے ایک ڈالر کی 818کیاٹ قیمت مقرر کی۔

اخبار کے مطابق کیاٹ کی قدر کا تعین روزانہ کی بنیاد پر اوپن مارکیٹ میں دی جانے والی بولی سے کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق کرنسی کی قیمت میں کسی بڑے اتار چڑھاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے مرکزی بینک کو بوقتِ ضرورت اس عمل میں مداخلت کا اختیار دیا گیا ہے۔

اخبار نے کہا ہے کہ پیر کو ہونے والی زرِ مبادلہ کی پہلی نیلامی 11 نجی بینکوں کے مابین ہوئی جنہیں اس سرگرمی میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق تین سرکاری بینک بھی آگے چل کر کرنسی مارکیٹ میں ہونے والی نیلامی کے اس عمل کا حصہ بن جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG