امریکہ کے دو سینیئر سفارتکار اور ایک قانون ساز آئندہ ہفتے برما کا دورہ کررہے ہیں جس کا مقصد وہاں نئی حکومت کی اصلاحات میں پیش رفت پر حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
امریکی کانگریس کے رکن جو کراؤلی دو روزہ دورے پر 12 جنوری کو برما جائیں گے جہاں وہ حکومتی عہدیداروں، نسلی اقلیتی رہنماؤں اور جمہوریت پسند حزب مخالف کی اہم رہنما آنگ سان سوچی سے ملاقاتیں کریں گے۔
ڈیرک مچل آئندہ پیر کو برما جارہے ہیں۔ مچل اس سے قبل بحیثیت خصوصی امریکی نمائندہ برائے برما متعدد بار کا دورہ کرچکے ہیں۔ اس دورے میں وہ دارالحکومت اور ملک کے بڑے شہر رنگون کے علاوہ باگان بھی جائیں گے جہاں وہ مائیکرو فنانس پروگرام اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
پیر ہی کو امریکی محکمہ خارجہ کے سفیر خصوصی برائے انسداد انسانی اسمگلنگ لوئس سی ڈی باکا اس ایشیائی ملک کا دورہ کررہے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد وہاں انسانی اسمگلنگ کی صورتحال اور حکومت کی طرف سے اس کے انسداد کے لیے معاون اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ دارالحکومت میں وہ مچل کے ہمراہ مشترکہ طور پر جسم فروشی کے لیے کی جانے والی انسانی اسمگلنگ اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔