|
پاکستان کے ایوانِ بالا (سینیٹ) کے مختلف اراکین کے رکنِ قومی اسمبلی یا رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد خالی ہونے والی چھ نشستوں پر آج انتخاب ہو رہا ہے۔
اسلام آباد سے ایک، سندھ سے دو اور بلوچستان سے تین خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے متعلقہ اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل صبح نو بجے سے شام چار بجے تک جاری رہے گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر آج قومی اسمبلی میں پولنگ ہو گی۔ اس وقت تک قومی اسمبلی کے 311 اراکین بطور رکن حلف لے چکے ہیں جو ووٹ کا حق استعمال کر پائیں گے۔
اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار یوسف رضا گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کے درمیان مقابلہ ہے۔
سندھ اسمبلی میں دو سینیٹرز کے لیے پولنگ
سندھ سے سینیٹ کی دو نشستوں پر سندھ اسمبلی میں پولنگ ہو رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے جام سیف اللہ، محمد اسلم ابڑو جب کہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل کے درمیاں مقابلہ ہے۔
واضح رہے کہ سندھ سے سینیٹ کی دو نشستیں نثار کھوڑو اور جام مہتاب ڈہر کے رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے باعث خالی ہوئی تھیں۔
بلوچستان اسمبلی میں سینیٹ کی تین نشستوں پر مقابلہ
بلوچستان سے سینیٹ کی تین نشستوں کے لیے سات امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
سینیٹ نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کے میر دوستین خان ڈومکی، پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو، بلوچستان عوامی پارٹی کے دو امیدوار کہدا بابر اور محمد مبین مقابلے کی دوڑ میں ہیں جب کہ آزاد امیدوار میر حربیار ڈومکی، سید شاہ محمد شاہ اور عبدالشکور خان بھی سینیٹ نشستوں کے لیے امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری، سرفراز بگٹی اور پرنس احمد عمر احمدزئی کے رکنِ بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے کے باعث سینیٹ کی تین نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
فورم