رسائی کے لنکس

ضمنی انتخابات کے لئے مہم ختم، جمعرات کو ووٹنگ ہوگی


قومی اسمبلی کے لیے 51 لاکھ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 37 لاکھ سے زائد ووٹرز ووٹنگ میں حصہ لیں گے

ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 15اور صوبائی اسمبلیوں کی26نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لئے مہم منگل کی رات 12بجے ختم ہوگئی۔ ووٹنگ جمعرات 22اگست کو ہوگی۔ تاہم، تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ بدھ کی شام سے ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پہنچ جائے گا۔ عملہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پولنگ اسٹیشنز پر ہی گزارے گا۔

قومی اور صوبائی اسمبلی کی مجموعی طور پر 41نشستوں کے لئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گی۔ تاہم، پولنگ کے دوران، موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ اعدا و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کے لیے 51 لاکھ اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے 37 لاکھ سے زائد ووٹرز ووٹنگ میں حصہ لیں گے۔

ضمنی انتخابات زیادہ تر ان نشستوں پر ہو رہے ہیں جو ایک سے زیادہ نشستوں پر جیتنے والے امیدواروں نے خالی کی ہیں۔ جبکہ، کچھ نشستیں ایسی بھی ہیں جو جعلی ڈگری اور دوہری شہریت رکھنے کے سبب کالعدم قرار پانے والے اراکین نے خالی کی ہیں۔ مثلاً حافظ آباد اور ٹھٹھہ کے حلقے۔

کچھ نشستیں امیدواروں کے انتقال کرجانے کے سبب بھی خالی ہوئی ہیں، جیسے کراچی کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 103 جو متحدہ قومی موومنٹ کے امیدوار ساجد قریشی کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی۔

مجموعی طور پر قومی اسمبلی کے 16 حلقوں میں سے پاکستان تحریک انصاف نے پانچ، مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے دو، دو مسلم لیگ فنکشنل، پختون خوا ملی عوامی پارٹی اور آزاد رکن اسمبلی نے ایک ایک نشست خالی کی ہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ ناصرف انتخابات کے تمام انتظامات مکمل ہیں بلکہ سیکورٹی پلان بھی ترتیب دے دیئے گئے ہیں۔ مذکورہ سیکورٹی پلان کے مطابق، تمام انتخابی حلقوں میں 7ہزاور 606 پولنگ اسٹیشنزقائم کئے گئے ہیں۔ ان میں سے 1 ہزار 840 کو انتہائی حساس، 2 ہزار 686 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 3 ہزار 80 پولنگ اسٹیشنزکو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

انتخاب والے روز حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 10 سے 20 سیکورٹی اہلکارباہر اور کچھ اندر تعینات ہوں گے جبکہ حساس قرار دیئے گئے پولنگ اسٹیشنز کے باہر 7 سیکورٹی اہلکاراور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 5 سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔

انتخاب کے دوران پریزائیڈنگ افسران، آرمی، ایف سی اور رینجرز کے اہلکاروں کو تین دن کے لیے کلا س ون مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ ان اختیارات کی بدولت وہ دھاندلی کی کوشش کرنے والے یا انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے والے کسی بھی فرد کوموقع پر ہی سزا سناسکیں گے۔

سندھ اسلحے کی نمائش پر پابندی
محکمہٴ داخلہ سندھ نے ضمنی انتخابات کے موقع پر 3دن کیلئے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق اسلحے سے متعلق پابندی21اگست سے23اگست تک جاری رہے گی۔ اس حوالے سے صوبے بھر میں اسلحہ لیکر چلنے کے تمام پرمٹ بھی فوری طور پر منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

این اے 25ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابات ملتوی
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے این اے 25ڈیرہ اسماعیل خان کی نشست پر بھی جمعرات کو ہی ووٹنگ ہونا تھی مگر منگل کی رات الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث اچانک ضمنی انتخاب ملتوی کردیا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

عام تعطیل کا اعلان
ضمنی انتخابات ملک کے 33 اضلاع میں ہو رہے ہیں۔ان اضلاع میں 22 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
XS
SM
MD
LG