رسائی کے لنکس

کیمرون: ریل حادثے میں 53 افراد ہلاک


کیمرون کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کے مطابق مسافروں سے کھچا کھچ بھری ریل گاڑی کے پٹڑی سے اترنے سے کم از کم 300 افراد زخمی بھی ہوئے۔

افریقی ملک کمیرون میں جمعہ کو مسافروں سے بھری ایک ریل گاڑی پٹڑی سے اترنے سے کم از کم 53 افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ گاڑی دارالحکومت یاؤنڈے اور ڈولا کے درمیان سفر کر رہی تھی کہ جمعہ کو یہ حادثہ پیش آیا۔

کیمرون کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ کے مطابق مسافروں سے کھچا کھچ بھری ریل گاڑی کے پٹڑی سے اترنے سے کم از کم 300 افراد زخمی بھی ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق دوران سفر ایک زور دار آواز کے بعد ریل گاڑی کی بوگیاں پٹڑی سے اترنا شروع ہو گئیں۔

دارالحکومت یاؤنڈے سے صبح کے وقت چلنے والی اس ریل گاڑی کی عموماً نو بوگیاں ہوتی ہیں، لیکن خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق اضافی مسافروں کے لیے مزید آٹھ بوگیاں اس ریل گاڑی کے ساتھ جوڑی گئیں کیوں کہ ’لینڈ سلائیڈنگ‘ کے سبب ملک کے دو بڑے شہروں کے درمیان سڑک اور پل متاثر ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق عموماً ریل گاڑی میں 600 مسافر ہوتے ہیں لیکن جمعہ کو اس میں لگ بھگ 1300 افراد سوار تھے۔

XS
SM
MD
LG