رسائی کے لنکس

پاکستان کل کینیڈا سے ٹکرائے گا، شیدائیوں کو شدت سے کل کا انتظار


پاکستان کل کینیڈا سے ٹکرائے گا، شیدائیوں کو شدت سے کل کا انتظار
پاکستان کل کینیڈا سے ٹکرائے گا، شیدائیوں کو شدت سے کل کا انتظار

پاکستان اپنے گروپ کے تیسرے میچ میں جمعرات کو کینیڈا سے پریماداس اسٹیڈیم میں ٹکرائے گا۔ پاکستان اپنے پول میں کینیا اور سری لنکا کو چت کر کے کینیڈا کے خلاف ایک اور بڑی فتح کا منتظر ہے جبکہ کینیڈا سری لنکا اور زمبابوے کے عبرتناک سلوک کے بعد پاکستان کے غضب سے بچاؤ کی کوشش کرے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کے واحد میچ میں 1979 کے عالمی کپ کے دوران پاکستان نے کینیڈا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔

کھیل کے ریکارڈز کو سامنے رکھیں تو پاکستان اور کینیڈا میں زمین اور آسمان کا فرق نظر آتا ہے۔ پاکستان نے جہاں سری لنکا کو گیارہ رنز سے چت کیا تو وہیں اسی سری لنکا نے کینیڈا کو 175 کے بڑے مارجن سے ہارنے پر مجبور کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان نے کینیا کو 205 رنز جیسے ہمالیہ کے نیچے دباکر جشن منایا اور اب وہ ایسا ہی سلوک کینیڈا جیسی کمزور ٹیم کے ساتھ بھی کر سکتا ہے ۔

پاکستانی بالنگ اٹیک کو اس وقت ماہرین تباہ کن تصور کر رہے ہیں اور ان کے مطابق کل کا دن کینیڈا کی بیٹنگ لائن کا سب سے بڑا امتحان ہو گا جہاں فاسٹ بالنگ میں شعیب اختر اور عمر گل جیسے کھلاڑی کمزور ٹیموں کیلئے ویسٹ انڈیز کے کیمر روئچ اور لیستھ ملنگا سے بھی زیادہ تباہی پھیلا سکتے ہیں ۔

اس کے ساتھ ساتھ شاہد خان آفریدی جیسے منفرد بالربھی کینیڈا کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ شاہد خان آفریدی نے سری لنکا اور کینیا کے خلاف دو میچوں میں 9 وکٹیں اپنے نام کر رکھی ہیں۔ اسپینر عبدالرحمن یا سعید اجمل کیلئے بھی کل کا میچ یاد گار ثابت ہو سکتا ہے۔ کپتان شاہد خان آفریدی کے مطابق اس میچ میں کافی تبدیلیاں متوقع ہیں اور بالنگ میں وہاب ریاض اور سعید اجمل کو آزمائے جانے کا امکان ہے ۔

اگر حالیہ میگا ایونٹ میں کینیڈا کی گیند بازی پر نگاہ ڈالی جائے تو وہ مجموعی طور پر زیادہ متاثر کن نہیں رہی۔ سری لنکن نے ان کے خلاف سات وکٹوں پر 332 رنز بٹورے جبکہ زمبابوے نے 298 رنز جوڑے۔ اگر چہ زمبابوے کے خلاف بالا جی راؤ نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ دونوں میچوں میں بادیوان نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں تاہم اس کے عوض حریفوں نے رنز کے انبار لگادیئے۔

بیٹنگ کے شعبے میں بھی پاکستان کو کینیڈا پر برتری حاصل ہے تاہم یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں ایک بھی بلے بازایسا نہیں جس نے عالمی کپ میں سنچری بنا رکھی ہو لہذا کل ان کیلئے یہ اعزاز حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس کے علاوہ اوپنرز کیلئے نادر موقع ہے کہ وہ کھل کر اپنے جوہر دکھائیں کیوں کہ اس سے قبل دونوں میچوں میں پہلی وکٹ کی کوئی خاطر خواہ کارکردگی سامنے نہیں آ سکی ۔

امکان ہے کہ مصباح الحق کو آرام دے کر اسد شفیق کو میدان میں اتارا جائے گا۔ادھر یونس خان اور مصباح الحق سمیت مڈل آرڈبلے باز وں کی کارکردگی انتہائی متاثر کن ہے ۔ پاکستان کیلئے انتہائی حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ عبدالرزاق جیسے دھواں دار بلے باز نے بھی خواہش ظاہر کی ہے کہ انہیں پہلے نمبر پر بھیجا جائے تا کہ وہ اپنے جوہر بھی دکھا سکیں ۔ آفریدی کو اگر بیٹنگ کا موقع ملا تو وہ بھی کینیڈاکے بالرز کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں ۔

عالمی کرکٹ جنگ میں کینیڈا کے بلے باز بھی رنز نہ اگل سکے۔ سری لنکاکے خلاف 8 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہونے سے قاصر رہے جبکہ زمبابوے کے خلاف چھ بلے باز دس کے ہندسے تک پہنچنے سے قبل ہی پویلین لوٹ گئے۔ رضوان چیمہ نے سری لنکن بالرز کے سامنے کسی حد تک مزاحمت کی کوشش کی تاہم 37 رنز سے اوپر وہ بھی نہ بڑھ سکے ۔

پریما داس اسٹیڈیم پر اس سے پہلے ہونے والے میچوں کا ذکر کیا جائے تو یہاں زیادہ تر پہلے بلے بازی ہی کارآمد ثابت ہوئی ہے ۔ اب تک 56 مرتبہ پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم سرخرو ہوئی جبکہ 33 مرتبہ ٹیموں نے ہدف عبور کیا ۔ اس میچ میں پاکستان بڑے مارجن سے اس لئے بھی جیتنا چاہے گا کیونکہ اس کی خواہش ہے کہ اپنے گروپ میں پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرے اور کوارٹر فائنل بھارت کے بجائے سری لنکا یا بنگلہ دیش میں ہی کھیل سکے اور اس بات کا اظہار پاکستان کے کپتان شاہد خان آفریدی بھی کر چکے ہیں ۔

XS
SM
MD
LG