کینیڈا نے اپنا پہلا ورلڈ کپ 1979ء میں کھیلا تھا جس کے بعد طویل عرصہ تک کرکٹ کے عالمی مقابلے سے غیرحاضری کے بعد اسے 2003ء اور پھر 2007ء کے عالمی کپ میں شرکت کا موقع ملا تاہم اسے تینوں بار پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہونا پڑا تھا۔
کینیڈا نے 2009ء میں جنوبی افریقہ میں منعقد ہونے والے کوالیفائنگ راوٴنڈ میں آئر لینڈ کو شکست دے کر ورلڈ کپ 2011 میں اپنی جگہ یقینی بنائی ہے اور اس بار یہ ٹیم اشیش بگائی کی قیادت میں عالمی کپ میں حصہ لے رہی ہے۔
ورلڈ کپ کے دوران ٹیم کا زیادہ تر انحصار برِ صغیر سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی و پاکستانی نژاد کھلاڑیوں پر ہوگا جن میں رضوان چیمہ، عمر بھٹی، بالاجی راؤ، وکٹ کیپر و کپتان اشیش بگائی اور آل راوٴنڈر سنیل دھنی رام شامل ہیں۔
کینیڈا نے گزشتہ تین ورلڈ کپس میں اب تک کل 12 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف ایک میں اسے فتح حاصل ہوئی۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر ٹیم نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو ورلڈ کپ 2011ء کے گروپ میچز میں شاید وہ کینیا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائے۔
کینیڈا کی ٹیم گروپ "بی" میں شامل ہے اور اپنا پہلا لیگ میچ 20 فروری کو سری لنکا سے کھیلے گی۔کینیڈا کو دوسرا میچ 28 فروری کو زمبابوے، تیسرا 3 مارچ کو پاکستان، چوتھا 7 مارچ کو کینیا، پانچواں 13 مارچ کو نیوزی لینڈ جبکہ آخری میچ16 مارچ کو آسٹریلیا سے ہوگا۔
ورلڈ کپ کیلئے کینیڈین اسکواڈ میں کپتان اشیش بگائی کے علاوہ رضوان چیمہ، ہرویر بیدوان، نتیش کمار، حرا پٹیل، ٹائی سن گورڈن، ہینری اوسائینڈ، جان ڈیویسن، روویندو گناسیکیرا، پارتھ ڈیسائی، کارل واتھم، خرم چوہان، جمی ہنسرا، زبین سرکاری اور بلاجی راؤ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
مقبول ترین
1