دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے ’کانزفلم فیسٹول‘ کا آغاز ہوگیا ہے۔ حسب روایت فرانس کا شہر’کانز‘ 68ویں فلم فیسٹیول میں شرکت کرنے والی دنیا بھر کی بڑی بڑی فلمیں شخصیات اور اس شعبے سے جڑے نامور ماہرین کی میزبانی کررہا ہے۔
فیسٹیول کے افتتاحی روز میزبان ملک کی خاتون ڈائریکٹر کی فلم ’اسٹینڈنگ ٹال‘ نمائش کے لئے پیش کی گئی۔
انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ ’یورونیوز’ کے مطابق، 30 سال بعد یہ پہلا موقع ہے جب کسی خاتون ڈائریکٹر کی فلم سے فیسٹیول کا آغاز ہوا ہے۔
کانز کا میلہ لوٹنے کے لئے 19 فلمیں میدان میں ہیں جبکہ فیسٹیول 2015 میں کلاسک فلم ’کاسا بلانکا‘ کی انگرڈبرگ مین کو ٹریبیوٹ پیش کیا جائے گا۔
بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والی فلم کو ’پام ڈی اور‘ ایوارڈ سے نوازا جائے گا جسے 24 قیراط سونے سے تیار کیا گیا ہے۔سابق حسینہ عالم ایشوریا رائے گزشتہ کئی سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں۔
ان کے علاوہ جو بالی وڈ بیوٹیز اس میں شرکت کریں گی ان میں سونم کپور اور کترینہ کیف شامل ہیں۔
کترینہ کیف فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر انٹرنیشنل میڈیا اورشائقین کی بھرپور توجہ کا مرکزبنی رہیں اوران کے فینز نے انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا۔
فیسٹیول 12دنوں تک اپنی پوری آب وتاب سے جاری رہنے کے بعد 24 مئی کو روایتی دھوم دھام سے ختم ہوگا۔