رسائی کے لنکس

نیویارک پولیس کے پہلے پاکستانی کیپٹن وحید اختر کنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر


Capt Waheed Akhter
Capt Waheed Akhter

نیویارک کے محکمہ پولیس میں ایک پاکستانی امریکی افسر کو کیپٹن کے عہدے پر ترقی دے کر کنگ ٹاسک فورس کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔ نیویارک پولیس کی یہ کنگ ٹاسک فورس بروکلین کے علاقے میں پولیس کی امدادی فورس کے طور پر فرائض انجام دیتی ہے جس کی سربراہی اب کیپٹن وحید اختر کریں گے۔

کیپٹن وحید اختر کے بعد پولیس افسر آصف اقبال نے بھی کیپٹن کے عہدے پر ترقی حاصل کی۔

پاکستان کے علاقے منڈی بہاوالدین سے تعلق رکھنے والے کیپٹن وحید اختر نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں حاصل کی اور پنجاب یونیورسٹی سے گریجویشن کرکے امریکہ منتقل ہوئے تھے اور انھوں نے نیویارک پولیس میں شمولیت اختیار کی۔

کپٹن وحید اختر کا خاندانی پس منظر بھی پولیس کا ہی ہے، ان کے والد ایس ایچ او منڈی بہاوالدین تھے جبکہ ان کے بھائی آج بھی ڈی پی او منڈی بہاوالدین کے ریڈر کے عہدے پر فائز ہیں۔

اٹھارہ برس قبل کیپٹن وحید اختر جب ہجرت کرکے امریکہ پہنچے تو ان کا عزم تھا کہ وہ کسی طرح محکمہ پولیس میں خدمات انجام دیں، انھوں نے پاکستان کی تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر محکمہ پولیس کے امتحان میں شرکت کی اور پولیس افسر مقرر ہوگئے، اور امتحانات میں شرکت کر کے امتیازی نمبروں سے کامیابی کے بعد پہلے وہ سارجنٹ مقرر ہوئے اور بعد میں کیپٹن کے عہدے پر ترقی حاصل کرلی۔

کیپٹن وحید اختر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں بلا رنگ و نسل ہر ایک کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ جو محنت کرے اسے اس کا پھل ضرور ملتا ہے۔ کمیونٹی کے نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اگے بڑھیں اور محنت سے اپنا مقام بنائیں۔

کیپٹن وحید نیویارک پولیس کی مسلم افسران کی ایسوسی ایشن کے نائب صدر بھی ہیں۔ اس حوالے سے کمیونٹی کے لئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے۔ این وائی پی ڈی مسلم افیسر ایسوسی ایشن کے صدر کیٹپن عدیل رانا کا کہنا ہے کہ وحید کمیونٹی کے لئے ایک رول ماڈل ہیں

سانحہ نائین الیون سے پہلے نیویارک پولیس میں مسلمان افسران کی تعداد بہت کم تھی لیکن اس سانحہ کے بعد مسلم کمیونٹی میں قانون کے نفاذ میں تعاون کا جذبہ بڑھا اور پولیس سے قربت کا نتیجہ ہے کہ آج نیویارک پولیس میں مسلمان افسران کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے جبکہ پولیس کے سویلین مسلمان ملازمین تقریباً پانچ سو ہے۔

XS
SM
MD
LG