رسائی کے لنکس

سپریم کورٹ نے کٹاس راج کیس نمٹا دیا


چکوال میں واقع کٹاس راج مندر 2300 سال پرانا ہے
چکوال میں واقع کٹاس راج مندر 2300 سال پرانا ہے

پاکستان کی سپریم کورٹ نے منگل کے روز ازخود نوٹس کے ذریعے کٹاس راج مندر کے تالاب میں پانی کی سطح انتہائی کم ہونے کے حوالے سے کیس نمٹا دیا ہے۔

اس تاریخی مندر کے قریب واقع سیمنٹ فیکٹریوں نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پانی کے حصول کیلئے متبادل ذریعہ تلاش کریں گی اور جب تک متبادل ذریعے کا تعین نہیں ہو جاتا، وہ پنجاب حکومت کو استعمال ہونے والی پانی کی قیمت ادا کریں گی۔

کٹاس راج پاکستانی صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں واقع ایک قدیمی ہندو مندر ہے۔ اس مندر کے تالاب کا پانی ہندوؤں کیلئے مذہبی اہمیت کا حامل ہے۔ تاہم اس مندر کے قریب واقع سیمنٹ فیکٹریوں نے اس کے قریب کھودے گئے کنووں کے ذریعے بڑی مقدار میں پانی حاصل کرنا شروع کر دیا تھا جس سے تالاب میں پانی کی سطح مسلسل گرتی گئی اور یہ خطرہ پیدا ہو گیا تھا کہ مندر کے تالاب کا پانی خشک ہو جائے گا۔

نومبر 2017 میں سپریم کورٹ نے میڈیا کی طرف سے جاری ہونے والی خبروں کی بنیاد پر اس کا نوٹس لیا تھا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اس کیس کی سماعت کی۔ گزشتہ سماعتوں کے دوران بنچ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو حکم دیا تھا کہ وہ اس تاریخی مندر کو بچانے کی خاطر ماہرین کی خصوصی کمیٹی تشکیل دیں۔

منگل کے روز علاقے کی دو بڑی سیمنٹ فیکٹریوں نے سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ پانی کا متبادل ذریعہ تلاش کرنے تک بینک کے ذریعے دو ارب روپے کی گارنٹی دینے کیلئے تیار ہیں۔ اُنہوں نے سپریم کورٹ کو یہ بھی پیشکش کی کہ وہ اس علاقے میں ایک چھوٹا ڈیم تعمیر کریں گی جس کے پانی کو اس انداز سے منظم کیا جائے گا کہ وہ کٹاس راج مندر کے تالاب کو منفی طور پر متاثر نہ کرے۔ سیمنٹ فیکٹریوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے تک جو پانی استعمال کریں گی، اُس کی قیمت پنجاب حکومت کو باقاعدگی سے ادا کریں گی۔

چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ مندر کے تالاب کو قدرتی طریقے سے بھرا جائے۔

ہندو دیو مالا کے مطابق کٹاس راج مندر کا یہ تالاب بھگوان شیوا کی بیگم کے انتقال کے وقت اُن کی آنکھ سے گرنے والے آنسو سے بنا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ مہا بھارت کے ایک کردار بادشاہ پانڈو کے پانچ بیٹوں نے اپنی جلاوطنی کے 14 برس کٹاس راج میں گزارے تھے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مندر کم سے کم 2,300 سال پرانا ہے۔

XS
SM
MD
LG