رسائی کے لنکس

اسکردو میں بہار کے رنگ، قدرتی حسن کے دلکش نظارے


پاکستان کے شمال میں واقع گلگت بلتستان سے سخت سردی کا موسم رخصت ہو چکا ہے اور اب بہار اپنے تمام تر رنگوں کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ موسمِ بہار شروع ہوتے ہی قدرتی حسن سے مالا مال اس خطے میں رنگ اور خوش بو کی ایک نئی دنیا بس جاتی ہے۔

اس خطے میں ہر موسم ہی حسین ہے۔ لیکن بہار میں یہاں کے پیڑ پودوں پر آنے والی تازگی اور ہر جانب سبزے کی وجہ سے اس کی وادیوں، باغوں اور کوہساروں کا حسن دو بالا ہو جاتا ہے۔

موسمِ بہار میں گلگت بلتستان کے معروف سیاحتی مرکز ضلع اسکردو کا رُخ کریں تو ہر جانب چیری اور خوبانی کے درخت پھولوں سے لدے نظر آتے ہیں۔

اسکردو اپنے قدرتی حسن کی وجہ سے تو مشہور ہے ہی لیکن ساتھ ہی دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیوں کے ٹو، کے تھری اور گیشربرم کا راستہ بھی یہی سے ہو کر گزرتا ہے۔

اسکردو سے دو سے تین گھنٹے کی مسافت پر گلگت بلتستان کا ایک اور ضلع گھانچے بھی قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔

ضلع گھانچے کے علاقے خپلو میں چیری اور خوبانی کے کئی باغات ہیں جہاں رنگ و خوشبو سے ترتیب پانے والے جادوئی مناظر دعوتِ نظارہ دیتے ہیں۔

یہ مناظر مارچ کے وسط سے اپریل کے اختتام تک دکھائی دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس موسم میں مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا رخ کرتی ہے۔

ہمالیائی پہاڑی سلسلے میں واقع ان علاقوں میں جہاں ایک طرف چٹانوں کے پیچھے سورج چھپنے کا نظارہ دل فریب ہوتا ہے وہیں شام ڈھلتے ہی آسمان پر ستاروں کی چادر تن جاتی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔

ان دنوں آسمان بھی صاف ہوتا ہے۔ تو جیسے جیسے رات کی تاریکی بڑھتی ہے، ستاروں کا جھرمٹ بڑھنے لگتا ہے۔ اور جو ستاروں کی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔ انہیں کہکشاں کے ساتھ نظامِ شمسی میں زمین کا قریبی سیارہ زحل بھی دکھائی دیتا ہے۔

XS
SM
MD
LG