واشنگٹن میں ان دنوں چیری کے پھول اپنی بہار دکھارہے ہیں۔ امریکی دارالحکومت میں چیری کے ہزاروں درخت ہیں جن پر بہار کی آمد پر خوبصورت سفید اور گلابی رنگ کے لاکھوں کروڑوں پھول کھلتے ہیں۔
چیری کا اصل وطن جاپان ہے اور امریکہ میں اپنی بہار دکھانے والے چیری کے درخت جاپان نے تحفے کے طور پرواشنگٹن بھیجے تھے، جنہیں یہاں کی آب وہوا اور ماحول اتنا راس آیا کہ چیری کے خوش رنگ پھولوں کا لطف اٹھانے ہر سال لاکھوں سیاح واشنگٹن آتے ہیں۔
چیری بلاسم فیسٹول کے موقع پر واشنگٹن کی سیر پرآنے والےافراد، اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ پھولوں کی بہار سے لطف اندوز ہونے اور پھولوں سے لدے ہوئے چیری کے درختوں کے نیچے فٹ پاتھوں پر چہل قدمی کرنے کے ساتھ ساتھ واشنگن مال میں واقع عجائب گھر بھی دیکھتے ہیں۔
واشنگٹن کے سائنس اور انسانی تاریخ سے متعلق عجائب گھر اپنے بیش قدر ذخیرے کی بنا پر دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔
پھولوں کے اس میلے کے دوران ٹامس جیفرسن کی یادگار کے قریب واقع پانی کے تالاب کی پگڈنڈیاں سیاحوں کی توجہ کا خاص مرکز بنتی ہیں۔ جیفرسن امریکہ کے تیسرے صدر اور 1779ء میں انگلستان سے آزادی کے ڈیکلریشن کے مصنف ہیں۔
چیری کے پھولوں کی زندگی بہت مختصر ہوئی ہے اور ان درختوں پر آئی یہ بہار دو اڑھائی ہفتوں میں ختم ہوجاتی ہے۔
واشنگٹن میں ہر سال اپریل کے شروع میں، جب چیری کے پھول اپنے جوبن پر ہوتے ہیں، چیری کا میلہ لگتا ہے، لیکن اس سال موسم تبدیل ہونے کے باعث چیری کے پھول لگ بھگ تین ہفتے پہلے ہی کھل گئے ہیں۔