چین کے سرکاری میڈیا کا کہناہے کہ جنوب مغربی علاقے میں کوئلے کی ایک کان میں ہونے والے دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی’زنہوا‘ کے مطابق بدھ کو تین کان کنوں نے اسپتال میں دم توڑا جب کہ مذکورہ کان سے ایک اور لاش نکالی گئی۔ دیگر 11 زخمی تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حکام کے مطابق منگل کو گوئژہ صوبے میں یہ واقعہ کان میں نامعلوم گیسیں بھر جانے سے پیش آیا۔ ان کے بقول حادثے میں زیادہ ہلاکتوں کی وجہ بھی ان گیسوں کا بھاری مقدار میں جمع ہونا تھی۔
حکام نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال چین میں کانوں کے حادثات میں 2400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بہت سے اموات رپورٹ ہی نہیں کی جاتیں۔