چین میں ہزاروں شہریوں نے منگل کے روز بھاری ٹیکس کی عدم ادائیگی کے سلسلے میں گرفتار فن کار آئی وی وی کی مدد کے لیے عطیات دیے کیونکہ اکثر لوگ اس کی گرفتاری کو ایک بے باک نقاد کو خاموش کرانے کی کوشش کے طورپر دیکھتے ہیں۔
وی وی کے ’ بیجنگ آرٹ اسٹوڈیو‘ میں کام کرنے والے ایک رضاکار لیو ین پنگ کا کہناہے کہ چین اور دنیا بھر سے اب تک 20 ہزار سے زیادہ افراد نے عطیات بھیجے ہیں۔
رضاکار کا کہناہے کہ اب تک ملنے والے عطیات کی مالیت 9 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔
آئی وی وی کو، جسے تقربیاً تین ماہ قبل کوئی الزام لگائے بغیر حراست میں لیا گیاتھا، اگلے ہفتے تک 24 لاکھ ڈالر کے پرانے ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
آئی کے حامیوں کا کہناہے کہ سیاسی گرفتاری کا جواز ثابت کرنے کے لیے ٹیکس کے کاغذات تیار کیے گئے ہیں۔ آئی کا کہنا ہے کہ حکام نے کبھی انہیں یہ وضاحت نہیں کی کہ اس ٹیکس کی بنیاد کیا ہے اور انہوں نے ابھی تک ان کے اکاؤنٹس کاریکارڈ اپنے قبضے میں رکھا ہواہے۔
چین کے فن کار نے خبررساں ادارے روئیٹرز کو منگل کے روز بتایا کہ انہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ آیا وہ اپنا ٹیکس ادا کریں گے یا نہیں۔
ان کا کہناہے کہ اگر وہ ٹیکس کی ادائیگی کردیتے ہیں تو ان کے پاس امکانی طورپر اپیل کا حق ہوگا ، لیکن ان کا یہ بھی کہناتھا کہ پولیس انہیں یہ کہہ چکی ہے کہ ٹیکس کی ادائیگی کا مطلب اپنی غلطی تسلیم کرنا ہے۔ انہیں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرانہوں نے بل کی ادائیگی نہ کی تو اس معاملے سے ایک جرم کے طورپر نمٹا جائے گا۔