چین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئلے کی تین مختلف کانوں میں ہوئے حادثات میں 30 کان کن ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ مزید 13 اب تک ایک کان میں پھنسے ہوئے ہیں۔
چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شان ژی صوبے میں واقع ایک کوئلے کی کان میں ہفتے کی رات بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سے یہاں کام کرنے والے 28 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں میں سے پانچ کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
اسی طرح اتوار کے روز ہونان صوبے میں ایک کان میں دھماکے سے دو کان کن مارے گئے ہیں۔
دریں اثنا شمال مغربی صوبے گان سو میں کوئلے کی کان میں پانی بھر جانے کے سبب 13 افراد اس میں پھنس گئے ہیں۔ تین دیگر افراد کو با حفاظت کان سے نکال لیا گیا تھا۔