چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کو شمال مغربی خطے سنکیانگ میں آنے والے ایک طاقتور زلزلے سے چار افراد ہلاک ہو گئے۔
’شینخوا‘ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.5 تھی جس سے 48 افراد زخمی بھی ہوئے اور کئی گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے یا وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔
زلزلے کے بعد مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے اور ایک ایئر پورٹ کو متعدد بعد از زلزلہ جھٹکوں کے باعث بند کرنا پڑا۔
چین کے ارتھ کویک نیٹ ورکس سنٹر کے مطابق، زلزلہ زمین میں 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا اور اس کا مرکز سنکیانگ کے ہوتان علاقے میں تھا۔
کم آبادی والا یہ علاقہ صوبائی دارالحکومت ارمچی سے 1,800 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس میں زیادہ تر ایغور نسلی گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں۔