رسائی کے لنکس

جی میل بلاک نہیں کررہے: چینی حکومت


جی میل بلاک نہیں کررہے: چینی حکومت
جی میل بلاک نہیں کررہے: چینی حکومت

چینی حکومت کے ایک ترجمان نے انٹرنیٹ سرچ کی سب سے بڑی کمپنی گوگل کے ان الزامات کو مسترد کردیاہے کہ چینی حکومت اپنے شہریوں کے لیے گوگل پر اپنے ای میل اکاؤنٹس تک رسائی مشکل بنارہی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان جیانگ یونے چینوں کے گوگل ای میل اکاؤنٹس پر گوگل کے الزام سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا انتہائی مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ گوگل کا الزام ناقابل قبول ہے۔ تاہم انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی۔

جب گوگل سے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے کے لیے کہا گیا تو کمپنی کی ترجمان جیسیکا پاول نے کہا کہ وہ اپنے ادارے کی جانب سے چند روز قبل اٹھائے جانے والے اعتراض میں مزید کوئی اضافہ کرنا نہیں چاہتیں۔

ان کا کہناتھا کہ ہماری جانب سے کوئی تکنیکی خرابی نہیں ہے۔ ای میلز میں حکومت کی جانب سے اس انداز میں رخنہ اندازی کی جاری ہے کہ ایسا لگے جیسے گوگل میں کوئی خرابی ہے۔

ایک سال قبل گوگل نے سائبر حملوں اور چینی حکومت کی سینسر شپ کی پابندیوں کے بعد چینی زبان کے اپنے انٹرنیٹ سرچ انجن کو چین سے باہر ہانگ کانگ میں منتقل کردیا تھا۔

چین میں گوگل پر ای میل اکاؤنٹ رکھنے والوں کو پچھلے جمعے کی شام سے سروس میں بے قاعدگی سے لے کر مکمل بندش تک کا مسائل کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔

مارک برج کنسلٹنگ کمپنی کے مارک ناتھن کا کہناہے کہ ان کا خیال ہے کہ اگر چین میں جی میل فوری طورپر بلاک ہوجاتی ہے تو اس کا وہاں بہت زیادہ ردعمل ہوسکتا ہے۔

چین میں انٹرنیٹ پر حکومتی کنٹرول کا آغاز تقریباً اسی وقت ہوگیاتھا جب انٹرنیٹ پر نامعلوم ذرائع سے عوام سے یہ اپیل کی گئی تھی کہ وہ یاسمین تحریک کی طرح مظاہروں کے لیے باہر نکلیں جن کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ کے ممالک کے حکمرانوں کو اقتدار چھوڑنا پڑاتھا۔

ان اپیلوں کا جواب چینی حکام نے ملک بھر کے شہروں میں ان مقامات پر بھاری سیکیورٹی انتظامات کی شکل میں دیا، جہاں مظاہروں کے لیے انٹرنیٹ اپیلوں میں عوام کو اکھٹا ہونے کے لیے کہا گیاتھا۔

XS
SM
MD
LG