رسائی کے لنکس

چین: ژالہ باری سے 37 افراد ہلاک 19 لاپتا


چین کے سرکاری خبررساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ شمال مغربی چین میں طوفان بادوباراں اور گولف کی گیند کے حجم کے اولوں سے 37 افراد ہلاک اور 19 لاپتا ہوگئے ہیں۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہے کہ بارش اور ژالہ باری کے طوفان نے صوبہ گانسو میں تباہی مچادی اوراس طوفان سے کم وبیش تین لاکھ ساٹھ ہزار افراد متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جب کہ 40 افراد علاج معالجے کے لیے اسپتال لے جائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کو رات گئے آنے والے طوفان سے کئی گھر گر گئے ، 7 ہزار ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ، سڑکوں پر آمدروفت میں تعطل پڑا اور کئی علاقوں کی بجلی منقطع ہوگئی۔

متاثرہ علاقوں میں لوگوں اور مال مویشیوں کی مدد کے لیے فوجی جوان بھیجے گئے ہیں۔

سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ صوبائی ریڈکراس اپنا گھر بار چھوڑ کر جانے والوں کے لیے امدادی سامان بھیجنے کا انتظام کررہی ہے۔

متاثرہ علاقے میں تقریباً 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG