رسائی کے لنکس

چین: دنیا کے طویل ترین برق رفتار ریلوے روٹ کا افتتاح


چین کی ایک بلٹ ٹرین (فائل فوٹو)
چین کی ایک بلٹ ٹرین (فائل فوٹو)

اس ٹریک پر ٹرین اوسطً تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی اور بیجنگ سے گوانگ ژو تک روٹ پر 35 اسٹاپس ہوں گے۔

چین نے بدھ کو دنیا کے طویل ترین تیز رفتار ریلوے روٹ پر سفر کا آغاز کر دیا۔

2298 کلومیٹر طویل یہ نیا ریلوے روٹ بیجنگ کو جنوبی علاقے گوانگ ژو سے ملاتا ہے۔ قبل ازیں ان شہروں کے درمیان فاصلہ تقریباً 22 گھنٹوں میں طے ہوتا تھا جب کہ اس نئے روٹ پر یہ مسافت صرف آٹھ گھنٹوں میں طے ہو سکے گی۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق اس روٹ پر پہلی ٹرین مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے بیجنگ کے مغربی ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی جب کہ گوانگ ژو سے بیجنگ کے لیے ٹرین صبح دس بجے سفر پر نکلی۔

اس ٹریک پر ٹرین اوسطً تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی اور بیجنگ سے گوانگ ژو تک روٹ پر 35 اسٹاپس ہوں گے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اس ریلوے روٹ کے افتتاح کی تاریخ چین کے رہنما ماؤزے تُنگ کے یوم پیدائش کی مناسبت سے 26 دسمبر رکھی گئی تھی۔

چین میں تیز رفتار ریل کا نظام 2007ء میں قائم کیا گیا تھا اور اس وقت ملک میں اس تیز ترین ریلوے ٹریک کی طوالت 9300 کلومیٹر ہے۔

سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ چین 2020ء تک اس طوالت کو 50 ہزار کلومیٹر تک بڑھائے گا جس میں مشرق سے مغرب چار نئی تیز رفتار ریلوے لائنز اور اسی طرح شمال سے جنوب تک بھی چار لائنز بچھائی جائیں گی۔
XS
SM
MD
LG