رسائی کے لنکس

چین: جوہری بجلی گھر کی تعمیر کے خلاف احتجاج


چین: جوہری بجلی گھر کی تعمیر کے خلاف احتجاج
چین: جوہری بجلی گھر کی تعمیر کے خلاف احتجاج

مشرقی چین کے حکام نے مرکزی حکومت سے علاقے میں جوہری بجلی گھر کی تعمیر کے منصوبے سے دستبردار ہونے کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ اس سے زلزلوں کا شکار رہنے والے اس علاقے کی مقامی آبادی کی سلامتی خطرے میں پڑسکتی ہے۔

چین کے سرکاری اخبار 'گلوبل ٹائمز' کے مطابق چین کے مشرقی صوبے آنہوئی کی 'وانگ جیانگ' نامی کاؤنٹی کے حکام نے مجوزہ بجلی گھر کی تعمیر کےخلاف مہم کا آغاز کردیا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں تیار کی گئی ایک رپورٹ میں مجوزہ بجلی گھر کی پائیداری پہ خدشات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے گزشتہ ہفتے انٹرنیٹ کے ذریعے منظرِ عام پر آنے کے بعد اس معاملہ نے پورے ملک کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

اخبار نے منصوبے کے ناقد اور مقامی رضاکار سن بِن کے حوالے سے کہا ہے کہ علاقے کے عوام مجوزہ بجلی گھر کو مقامی آبادی کے لیے ایک ٹائم بم سمجھتے ہیں۔

اخبار کے مطابق نومبر میں تیار کی گئی رپورٹ میں نشان دہی کی گئی تھی کہ بجلی گھر جس کاؤنٹی میں تعمیر کیا جارہا ہے وہ زلزلوں کی فالٹ لائن پر واقع ہے جہاں "زلزلوں کا آنا ایک معمول ہے"۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ منصوبے کے حوالے سے تیار کی گئی ماحولیاتی اثرات کی ابتدائی رپورٹوں میں علاقے کے 'فالٹ زون' پر واقع ہونے کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس مارچ میں جاپان میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 'فوکوشیما بجلی گھر' کے حادثے کے بعد مذکورہ چینی پلانٹ کا تعمیراتی عمل مزید تحقیقی مطالعے کی غرض سے معطل کردیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG