چین میں حکام نے کہا ہے کہ جنوب مغربی سرحدی صوبے یاؤنان میں آنے والے زلزلے سے کئی عمارتیں منہدم اور کم ازکم 19افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سرکاری میڈیا نے مقامی حکام کے حوالے سے خبر دی ہے کہ جمعرات کی دوپہر آنے والے اس زلزلے میں لگ بھگ160افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ایک سپر مارکیٹ کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے متعدد افراد اس کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.4ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز برما کی سرحد پر واقع اس صوبے کے مرکزی شہر سے تقریباً 250کلومیٹر دور 35کلومیٹر زیر زمین تھا۔ تاہم چین کے مطابق اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور تقریباً چار سو فوجی اہلکار امدادی کاموں میں حصہ لینے کے لیے روانہ کردیے گئے ہیں۔
زلزلے کی وجہ سے برما میں نقصان کی تاحال اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔