رسائی کے لنکس

چین کے سونے کے ذخائر 32 ٹن بڑھ کر 1980 ٹن ہو گئے


چین کے مرکزی بینک نے بدھ کے روز کہا کہ اس سال اس کے سونے کے ذخائر میں 32 ٹن سونے کا اضافہ ہوا ہے جس کی مالیت تقریباً ایک ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔ چین نے ستمبر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ اپنے سونے کے ذخائر میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔

اس اضافے کے بعد چین کے خزانے میں سونے کے ذخائر بڑھ کر 1980 ٹن ہو گئے ہیں جن کی مالیت لگ بھگ 112 ارب ڈالر ہے۔

چین نے یہ سونا طویل عرصے کے دوران خریدا ہے، تاہم اپنے ذخائر کا اعلان اس نے اب کیا ہے۔

سونے کے ذخائر کے اعتبار سے چین دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے۔ سونے کے وسیع ذخائر رکھنے والے ممالک میں بالترتیب امریکہ، جرمنی، اٹلی، فرانس اور روس ہیں۔ سونے کے سب سے زیادہ ذخائر امریکہ کے پاس ہیں جن کا وزن 8133 ٹن سے زیادہ ہے۔

اگر جنوبی ایشیا پر نظر ڈالی جائے تو بھارت کے پاس 785، پاکستان کے پاس 64 اعشاریہ 85، سری لنکا کے پاس 6 اعشاریہ 7، برما کے پاس 7 اعشاریہ 27 اور بنگلہ دیش کے پاس 14 ٹن سے کچھ زیادہ سونا موجود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے بینک محفوظ سرمائے کے طور پر سونا خریدتے ہیں اور اسے اپنے خزانے میں محفوظ رکھتے ہیں۔

ورلڈ گولڈ کونسل ڈبلیو جی سی نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ عالمی سطح پر مرکزی بینکوں نے موجودہ سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 399 ٹن سونا خریدا، جو کہ تین ماہ کی مدت کے دوران خریدی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ مقدار ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سہ ماہی کے دوران زیادہ تر سونا مختلف ملکوں کے مرکزی بینکوں نے خریدا لیکن اپنی اس خرید کو خفیہ رکھا۔ جس سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہے کہ بڑے خریداروں میں چین اور روس جیسے ممالک شامل ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق زیادہ تر سودے 1775 ڈالر فی اونس کے لگ بھگ ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں سونے کی طلب اور اس کی قیمت میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر ملکوں نے اپنے بانڈز کی سود کی شرح میں اضافہ کیا ہے جس کی وجہ سے سونا خریدنے کی نسبت بانڈز خریدنا زیادہ منافع بخش بن گیا ہے۔

سونا دنیا بھر میں طویل عرصے تک کرنسی کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے لیکن کمیاب ہونے کی بنا پر یہ رفتہ رفتہ لین دین کے امور سے خارج ہو گیا اور اس کی جگہ کرنسی نوٹ نے لے لی۔شروع میں اکثر ملک اتنے ہی کرنسی نوٹ جاری کرتے تھے جتنا کہ ان کے پاس سونا موجود ہوتا تھا۔ لیکن رفتہ رفتہ اب اکثر ملوں نے کرنسی نوٹ پر سونے کی ضمانت ختم کر دی ہے۔

دنیا کے اکثر ملکوں میں لوگ سونے کو اپنے پاس زیورات کی شکل میں محفوظ رکھتے ہیں۔ شاید آپ کو یہ جان کر حیرت ہو گی کہ زیوارت کی شکل میں لوگوں کے پاس دنیا بھر میں سب سے زیادہ سونا بھارت میں ہے جس کا وزن 136 ٹن سے زیادہ ہے۔ زیورات کی دوڑ میں چین دوسرے درجے پر ہے جہاں لوگوں کے پاس 132 ٹن سونا موجود ہے۔ جب کہ دنیا کے امیر ترین اقوام میں شامل ہونے والا ملک امریکہ نہ صرف تیسرے نمبر پر ہے بلکہ وہاں لوگوں کے پاس موجود سونے کی مقدار محض 35 ٹن کے قریب ہے۔

چین کے سونے کے ذخائر میں اضافے کا انکشاف اس کے مرکزی بینک پیپلز بینک آف چائنا کی حالیہ رپورٹ میں سامنے آیا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر میں اس کے زرمبادلہ کے ذخائر توقع سے زیادہ بڑھے ہیں۔

( اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں۔)

XS
SM
MD
LG