رسائی کے لنکس

چین کا یومِ آزادی پر تاریخ کی سب سے بڑی فوجی پریڈ کروانے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے 70 ویں یومِ آزادی پر ایک بڑی فوجی پریڈ کا انعقاد کرے گا جس میں جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش بھی کی جائے گی۔

توقع یہ کی جا رہی ہے کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں یکم اکتوبر کو ہونے والی فوجی اور سویلین پریڈ چین کی تاریخ کی سب سے بڑی پریڈ ہوگی۔

چین کی فوج کے جنرل اسٹاف ممبر جنرل کیف زہجن نے کہا ہے کہ چین کی اس پریڈ کا مقصد کسی ملک کو کوئی خاص پیغام دینا نہیں ہے۔

جنرل کیف نے کہا کہ چینی فوج عالمی امن اور استحکام کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔ اور چین کی اس پریڈ میں پہلی بار کچھ جدید ہتھیار بھی نمائش کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر برائے تشہیر وانگ ژاؤ ووئی نے کہا ہے کہ پریڈ کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ قوم سے ایک اہم خطاب بھی کریں گے۔

چین کی طرف سے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی جنگ اپنے عروج پر ہے اور ہانگ کانگ میں بھی جمہوریت کے حق میں مظاہرے جاری ہیں۔

دونوں ملکوں کی فوجیں جنوب مشرقی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کو چین کی 550 ارب ڈالر کی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح 10 فی صد سے بڑھا کر 15 فی صد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل چین نے بھی امریکہ کی 75 ارب ڈالر کی مصنوعات پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دنیا کی دو مستحکم معیشتوں کے درمیان اس تجارتی جنگ کی وجہ سے سرمایہ کار بڑے نقصان کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ہانگ کانگ میں جمہوریت کے حامی افراد بڑی تعداد میں سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔ اس احتجاج کے پیشِ نظر چین نے جمعرات کو اپنے تازہ دم فوجی دستے بھی ہانگ کانگ میں تعینات کر دیے ہیں۔

چین کے حکام نے امریکہ اور برطانیہ پر الزام لگایا ہے کہ یہ دونوں ممالک چین کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG