انڈونیشیا کے شہر بالی میں آسیان اجلاس کے موقع پر ہفتہ کو امریکی صدر براک اوباما اور چین کے وزیراعظم وین جیا باؤ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دنوں ملکوں کے مابین معاشی تعلقات پر بات چیت کی گئی۔
وائٹ ہاؤس کے حکام کے مطابق صدر اوباما نے چین کی کرنسی یوان کی قدر متعین کرنے پر زور دیا۔ واشنگٹن کا خیال ہے کہ چین نے اپنی کرنسی کی قدر مصنوعی طریقے سے کم رکھی ہوئی ہے۔
دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے جنوبی بحیرہ چین میں آزادانہ تجارتی نقل و حمل اور تنازع کے پرامن حل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے پہلے چین کے وزیراعظم نے فلپائن، ویتنام اور دوسرے ایشیائی ممالک کے مابین تنازع میں بیرونی مداخلت پرناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
صدر اوباما نے ہفتے کو مشرقی ایشیا کا اجلاس ختم ہونے کے ساتھ ہی اپنا ایشیائی ممالک کا نو روزہ دورہ بھی مکمل کر لیا ہے۔
جمعہ کو صدر اوباما نے اپنے انڈنیشیائی ہم منصب سے ملاقات کی۔ دونوں ملکوں نے صحت عامہ اور عوامی خدمات کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے 60 کروڑ ڈالر مالیت کے معاہدے کا اعلان کیا جبکہ جمعرات کو انڈونیشیا اور امریکہ کے مابین 22ارب ڈالر مالیت کا 230 بوئنگ 737 ہوائی جہاز خریدنے کا معاہدہ بھی طے پایا تھا۔