کمیونسٹ چین نے امریکہ کو کیپٹل ازم سے متعلق ایک نیا لیکچر دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کو یہ بات سمجھنا ہوگی کہ وہ دن اب نہیں رہے جب امریکہ اپنی خود پیدا کردہ داخلی مشکلات پر قابو پانے کے لیے جتنا چاہتا تھا قرض لے لیا کرتا تھا۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ژینہوا' کی جانب سے جاری کیے گئے ایک نسبتاً "کاٹ دار" تبصرے میں "قرض کے حصول کی عادت" اور "کم نگاہی کے حامل سیاسی شور و غوغا" پر امریکہ کی مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دنیا کو ایک نئی اور مستحکم عالمی ریزرو کرنسی کی ضرورت ہے۔
'ژینہوا' کے مطابق چین کو ڈالرز میں موجود اپنے اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے امریکہ سے یہ مطالبہ کرنے کا پورا حق ہے کہ وہ قرضہ جات سے جڑے اپنے مسائل پر توجہ دے۔
تبصرے میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ کو بالآخر یہ عام فہم اصول اب سمجھ لینا چاہیے کہ ہر ایک کو اپنی چادر دیکھتے ہوئے پیر پھیلانے چاہئیں۔
واضح رہے کہ چین کا مرکزی بینک امریکہ کے بیرونی قرضہ جات کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے۔
مذکورہ تبصرہ کی اشاعت سے ایک روز قبل کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پورز (ایس اینڈ پی ) نے پہلی مرتبہ امریکہ کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کرتے ہوئے اس کی درجہ بندی ٹرپل اے سے ڈبل اے ۔ پلس کردی تھی۔