رسائی کے لنکس

چین میں زلزلے سے تباہی کا اندازہ لگانے کے لیے ڈرون کا استعمال


زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکار
زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی کارروائیوں میں مصروف اہلکار

بیان کے مطابق ڈرون نے زلزلے سے متاثرہ علاقے پر تقریباً ایک سو منٹ تک پرواز کی اور زمینی صورتحال سے متعلق درست "سائنسی حقائق" مہیا کیے۔

چین نے زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے پہلی بار ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔

وزارت دفاع کی ویب سائیٹ پر جاری چین کی فضائیہ کے ایک بیان میں بتایا گیا کہ دور دراز مغربی خطے سنکیانگ میں یہ طیارہ زلزلے کے فوراً بعد بھیجا گیا تاکہ تباہی کی وجہ سے وہاں امدادی ضرورت کا وقت پر صحیح اندازہ لگایا جا سکے۔

بیان کے مطابق ڈرون نے زلزلے سے متاثرہ علاقے پر تقریباً ایک سو منٹ تک پرواز کی اور زمینی صورتحال سے متعلق درست "سائنسی حقائق" مہیا کیے۔

وزارت نے اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔

جمعہ کو سنکیانگ میں 6.4 شدت کے زلزلے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے تھے جب کہ لگ بھگ تین ہزار گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔

وزارت شہری امور کے مطابق علاقے میں متاثرین کے لیے ایک سو خیمے بھجوا دیے گئے ہیں۔

زلزلے کی وجہ سے مواصلات کا نظام شدید متاثر ہوا تھا اور بعد از زلزلہ متعدد جھٹکوں کی وجہ سے یہاں کے ہوائی اڈے کو بھی بند کرنا پڑا۔

چین ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زیر زمین ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے زلزلے آتے رہتے ہیں۔

اس کے صوبہ سیچوان میں 2008ء میں آنے والے زلزلے سے تقریباً 70 ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG