رسائی کے لنکس

پشاور زلمی میں دو چینی کھلاڑیوں کی شمولیت


چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ
چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ

کرکٹ پاکستانیوں کا پسندیدہ کھیل ہے اور چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی کرکٹ کے ذریعے مزید مضبوط ہونے جارہی ہے کیونکہ پاکستان سپر لیگ میں چینی کھلاڑی بھی اپنے جوہر دکھانے آرہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کیلئے پشاور زلمی نے چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ کو ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور چینی کھلاڑی مایہ ناز کرکٹر عمران خان کے ساتھ
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور چینی کھلاڑی مایہ ناز کرکٹر عمران خان کے ساتھ

اس سلسلہ میں اسلام آباد میں چینی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں سابق چینی سفیر چن زیانگ زنگ، چینی کرکٹ ٹیم کے کوچ یی تیان، چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں چین کے 2 انٹرنیشنل کرکٹرز کو پی ایس ایل تھری میں پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا۔

چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے اسکواڈ میں شمولیت باعث اعزاز ہے، ٹیم میں شامل ہونے پر بہت خوش اور پرجوش ہیں، یہاں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

چینی کھلاڑیوں کی پشاور زلمی میں شمولیت کے حوالے سے ٹیم کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ چینی کھلاڑیوں کی پشاور زلمی میں شمولیت پر بہت خوش ہوں، چینی کھلاڑیوں کی شمولیت سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

چینی کھلاڑیوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے بھی ملاقات کی جہاں عمران خان نے چینی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کو کامیاب سپورٹس ڈپلومیسی قرار دیا۔

پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا انعقاد فروری میں ہو گا، دفاعی چیمپئن پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے علاوہ ایک نئی ٹیم ملتان سلطان بھی ایکشن میں دکھائی دے گی۔

XS
SM
MD
LG