رسائی کے لنکس

چینی وزیر اعظم کا دورہ بھارت، کئی معاہدوں پر دستخط متوقع


چینی وزیر اعظم کا دورہ بھارت، کئی معاہدوں پر دستخط متوقع
چینی وزیر اعظم کا دورہ بھارت، کئی معاہدوں پر دستخط متوقع

چینی وزیر اعظم وین جیا باوٴ بھارت کے دورے پر آج نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصددونوں ممالک کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا ہے۔ دونوں ممالک ایشیاء کی بڑی معاشی طاقتیں ہیں۔

آج نئی دہلی آمد کے موقع پر چینی وزیرِ اعظم نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ بھارت اور چین کو دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا ہوگا ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امن اور خوشحالی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں فائدہ اٹھانے کی غرض سے دونوں جانب سے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

چینی وزیر اعظم وین جیا باوٴ کے دورہ بھارت میں دونوں ممالک کے درمیان بینکاری، توانائی اور انفرااسٹرکچر کے معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔

بھارت اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ رواں سال تک دوطرفہ تجارت کا حجم 60 بلین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ تاہم بھارت چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے سے خوش نہیں ہے اور چینی منڈیوں تک مزید رسائی چاہتا ہے۔

چینی وزیر اعظم وین جیا باوٴ اور ان کے بھارتی ہم منصب من موہن سنگھ کے درمیان جمعرات کو ملاقات ہوگی جس کے بعد دوطرفہ تجارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

توقع ہے کہ دونوں رہنما سالوں سے جاری سرحدی مسئلے کے حل پر بھی اس ملاقات کے دوران تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنماوٴں کے درمیان ایک اور تاریخی معاملے پر بات چیت متوقع ہے اور وہ ہے تبت کے جلا وطن روحانی رہنما دلائی لاما کا معاملہ۔

چینی وزیراعظم کے ہمراہ 300 تاجروں کا ایک وفد بھی ہے جو نئی دہلی کے بعد پاکستان جائے گا۔

XS
SM
MD
LG