رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش: اسلام پسند رہنما کی سزائے موت کے خلاف ہڑتال


بدھ کو ہڑتال کے پہلے روز دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے کئی شہروں اور قصبوں میں جماعتِ اسلامی کے کارکنوں اور حامیوں نے احتجاج کیا۔

بنگلہ دیش میں ایک اسلام پسند رہنما کو جنگی جرائم کے الزام میں سنائی جانے والی سزائے موت کے خلاف ملک کے کئی علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔

بنگلہ دیش میں حزبِ اختلاف کی اسلام پسند جماعت 'جماعتِ اسلامی' نے اپنے رہنما عبدالقادر ملا کو سنائی جانے والی سزائے موت کے خلاف بدھ سے دو روزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔

بدھ کو ہڑتال کے پہلے روز دارالحکومت ڈھاکہ سمیت ملک کے کئی شہروں اور قصبوں میں جماعت کے کارکنوں اور حامیوں نے احتجاج کیا۔

ہڑتال کے موقع بیشتر شہروں میں کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جب کہ سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں حکام نے کم از کم ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

عبدالقادر ملا جماعتِ اسلامی کے نائب سیکریٹری جنرل ہیں جنہیں منگل کو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے 1971ء میں پاکستان سے آزادی کی جدوجہد کے دوران میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔

پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی جنگِ آزادی کے وقت رونما ہونے والے مبینہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سماعت کرنے والے ایک متنازع عدالتی کمیشن نے رواں سال جنوری میں عبدالقادر ملا کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

منگل کو اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے ان کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کردیا تھا جس پر جماعتِ اسلامی اور اس کی اتحادی حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے سخت ردِ عمل ظاہر کیا ہے۔

بنگلہ دیش کی حکمران جماعت 'عوامی لیگ' نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جب کہ فیصلے کے مخالفین نے اسے 'سیاسی انتقام' قرار دیا ہے۔

وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی جانب سے تشکیل دیے جانے والے متنازع ٹربیونل نے جنوری میں ملزمان کو سزائیں سنانے کا آغاز کیا تھا جن میں سے بیشتر جماعتِ اسلامی اور حزبِ اختلاف کے دیگر جماعتوں کے رہنما ہیں۔

ان رہنماؤں کو دی جانے والے سزاؤں کے خلاف وقتاً فوقتاً ہونے والے احتجاج کے دوران میں جنوری سے اب تک سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

انسانی حقوق کی کئی عالمی تنظیموں نے عدالتی ٹربیونل کی کاروائی کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے اس کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے ہیں لیکن بنگلہ دیشی حکومت ان تمام اعتراضات کو مسترد کرتی ہے۔
XS
SM
MD
LG