رسائی کے لنکس

کلاسیکی موسیقی کی طرف رجحان بڑھ رہا ہے: حامد علی خان


استاد حامد علی خان
استاد حامد علی خان

پاکستان کے معروف کلاسیکی فنکار استاد حامد علی خان نے کہا ہے کہ کلاسیکی موسیقی کا مسقبل اتنا تاریک نہیں جتنا لگتا ہے اور شائقین اب ایک بار پھر اس موسیقی کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

حامد علی خان حال ہی میں امریکہ کے دورے پر آئے جہاں انہوں نے مختلف شہروں میں شو کئے ۔امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں بھی انہوں نے پاکستانی اور انڈین کمیونٹی کے لئے ایک کنسرٹ کیا ۔ وائس آف امریکہ نے اس دورے کے دوران نامور غزل سنگر سے ایک گفتگو کی جس میں استاد حامد علی خان نے پاکستان میں کلاسیکی اور نیم کلاسیکی موسیقی کے مسقبل اور اس حوالے سے نئی نسل میں رجحان کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

جب ان سے بیرونی ممالک میں اور خاص طور پر امریکہ میں ان کی موسیقی کو سمجھنے اور پسند کرنے والوں میں رجحان کے بارے میں پوچھا گیا تو حامد علی خان نے بتایا کہ ان کے شائقین کی کافی تعداد اب بھی موجود ہے ۔اسی طرح پاکستان میں پچھلی چند دہائیوں میں پاپ میوزک کی یلغار کی وجہ سے کلاسیکی موسیقی کی طرف لوگوں کی توجہ کم ہوئی مگر ان کا کہنا تھا کہ اب یہ رجحان تبدیل ہو رہا ہے اور لوگ ایک بار پھر موسیقی کی اس صنف کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اں کا گھرانہ کلاسیکی موسیقی کو زندہ رکھے گا۔ موسیقی کی اس صنف کو نوجوان نسل میں عام کرنے اور اس ورثے کو محفوظ کرنے کے لئے انہوں نے ملک میں اکیڈمیز بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

استاد حامد علی خان کا تعلق برصغیر کے مشہور پٹیالہ گھرانے سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں نوجوان نسل موسیقی کی اس روایت کو آگے بڑھا نے میں کافی دلچسپی لے رہی ہے۔ ایک سوال کے جوب میں انہوں نے بتایا کہ ایک گھرانہ بننے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ نسل درنسل موسیقی سے وابستہ ہوں اور صنف کو دوسروں کو سکھائیں ۔اور گھرانے کے فنکار اپنے اپنے دور میں مشہور بھی ہوں اور وہ اس کے استاد بھی ہوں۔

XS
SM
MD
LG