رسائی کے لنکس

فریقین بحیرہ جنوبی چین پر ملکیت کے ثبوت پیش کریں، کلنٹن


امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن
امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن

امریکی وزیرِخارجہ ہلری کلنٹن نے 'بحیرہ جنوبی چین' کے تنازع کے فریقین سے کہا ہے کہ وہ علاقے پر اپنی ملکیت کے دعوؤں کے حق میں قانونی ثبوت سامنے لائیں۔

ہفتے کے روز انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں گفتگو کرتے ہوئے ہلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ چین اور خطے کے ممالک کی تنظیم 'آسیان' کے کئی رکن ممالک کی جانب سے علاقے پر ملکیت کے دعوؤں کا 1982ء میں منظور کردہ سمندروں کے عالمی قانون سے مطابقت رکھنا ضروری ہے۔

اس سے قبل جمعہ کو امریکی وزیرِخارجہ نے بحیرہ جنوبی چین پر پائے جانے والے ملکیتی تنازعات کے حل کے لیے ابتدائی معاہدے کے حصول کی کوششوں میں مصروف ممالک کی تعریف کی تھی۔

مجوزہ معاہدے کا مقصد سمندری علاقے میں موجود تیل و گیس کے ذخائر اور کئی متنازع جزائر کی ملکیت سے متعلق اختلافات کو دور کرنا ہے۔ واشنگٹن کا موقف ہے کہ علاقے میں موجود تنازعات کا پرامن حل امریکہ کے قومی سلامتی کے مفادات کے حق میں ہے۔

واضح رہے کہ چین پر ویتنام اور فلپائن کی جانب سے بحیرہ جنوبی چین میں تیل کی تلاش کے لیے کی جانے والی سرگرمیوں کو حالیہ کچھ ماہ کے دوران سبوتاژ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ بحیرہ کے ان علاقوں پر ان تین ممالک کے علاوہ تائیوان، برونائی اور ملائیشیا بھی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG