رسائی کے لنکس

رائے عامہ کے جائزوں میں کلنٹن کو ٹرمپ پر سبقت حاصل


کلنٹن سے متعلق 50 فیصد لوگ اگر مناسب رائے رکھتے ہیں تو 36 فیصد لوگ ناموافق خیالات رکھتے ہیں جب کہ ٹرمپ کے لیے یہ شرح 52 فیصد میں سے 31 ہے۔

امریکہ میں تازہ سیاسی جائزوں میں ایک بار پھر ڈیموکریٹک امیدوار ہلری کلنٹن کو اپنے حریف ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری ظاہر کی جا رہی ہے۔

نومبر میں ہونے و الے صدارتی انتخاب کے لیے دونوں امیدوار اپنی اپنی مہم شروع کر چکے ہیں اور اس دوران دونوں کی طرف سے مخالف امیدوار کو منصب صدارت کے لیے نا اہل ثابت کرنے کے دعوے اور بیانات بھی تواتر سے سامنے آ رہے ہیں۔

سی بی ایس نیوز کی طرف سے بتایا گیا کہ تازہ جائزے کے مطابق کلنٹن 39 کے مقابلے میں 49 فیصد حمایت کے ساتھ ٹرمپ سے آگے ہیں اور جون میں بھی یہ شرح کچھ ایسی ہی تھی جب 37 کے مقابلے میں کلنٹن 43 پوائنٹس کے ساتھ سبقت لیے ہوئے تھیں۔

سی بی ایس کا مزید کہنا تھا کہ تازہ ترین سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ رائے دہندگان اب بھی کلنٹن اور ٹرمپ کے بارے میں ناموافق خیالات کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کلنٹن سے متعلق 50 فیصد لوگ اگر مناسب رائے رکھتے ہیں تو 36 فیصد لوگ ناموافق خیالات رکھتے ہیں جب کہ ٹرمپ کے لیے یہ شرح 52 فیصد میں سے 31 ہے۔

سی این این کی طرف سے پیر کو دیر گئے جاری کیے گئے جائزے میں ہلری کلنٹن اپنے حریف سے خاصی آگے دکھائی دیتی ہیں اور اس میں یہ شرح 43 کے مقابلے میں 52 فیصد دکھائی گئی ہے۔

اس جائزے میں یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک قومی کنونشن کے بعد ایسے لوگوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ ہلری کلنٹن کی پالیسیاں ملک کو درست سمت میں آگے لے کر جا سکتی ہی۔ یہ شرح پہلے 43 فیصد تھی جو کہ اب 48 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

دونوں جماعتوں کے کنونشز کے بعد پبلک پالیسی پولنگ نامی ادارے کی طرف سے جاری کیے گئے جائزے میں بھی کلنٹن کو 46 فیصد اور ٹرمپ کو 41 فیصد حمایت ظاہر کی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG