رسائی کے لنکس

ہلری اور سینڈرز کے مابین مشی گن میں مباحثہ


ملک میں گن کنٹرول سے متعلق پوچھے گئے سوال پر دونوں امیدواروں کا کہنا تھا کہ اسلحہ فروخت کے جانے سے پہلے خریدار کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال ضروری ہے۔

امریکہ میں صدارتی امیدوار کی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹ پارٹی کی ہلری کلنٹن اور ان کے حریف برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ وہ انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ریاست مشی گن کے شہر فلنٹ میں دونوں ڈیموکریٹس کے مابین مباحثہ ریپبلکنز کے مباحثوں کے برعکس تھا جن میں عموماً امیدوار ایک دوسرے پر ذاتی نوعیت کے حملے کرتے نظر آتے رہے ہیں۔

تقریباً ایک لاکھ آبادی والے شہر فلنٹ کے رہائشیوں کی اکثریت سیاہ فام ہے اور لوگوں کو یہاں آلودہ پانی کا مسئلہ درپیش ہے۔

'سی این این' پر نشر ہونے والے مباحثے کا آغاز کرتے ہوئے سینڈرز نے کہا کہ انھیں یہاں لوگوں اور بچوں کی حالت دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی جو فلنٹ میں آلودہ پانی سے "زہرآلود" ہو رہے ہیں۔

انھوں نے صورتحال کو "ذلت" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ امریکہ کے خستہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کی ضرورت ہے۔

ہلری کلنٹن نے وفاقی اور ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ فلنٹ کے پانی کے نظام کو درست کرنے کے لیے مزید سرمایہ لگائیں۔ ان کے بقول فلنٹ کے لوگوں کی صحت اور فلاح و بہبود سے بڑھ کر کچھ بھی اہم نہیں۔

دونوں امیدواروں نے مشی گن کے ریپبلکن گورنر رک سنائیڈر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

بعد ازاں سنائیڈر نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ "چند دنوں میں سیاسی امیدوار فلنٹ سے چلے جائیں گے، لیکن میں فلنٹ کے لوگوں کے لیے ہوں۔"

مباحثے کے دوران ہلری نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے متعدد اقدام پر بات کی۔ ان کے بقول "جزا اور سزا" جیسی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ صنعتکار امریکہ میں سرمایہ کاری کریں۔

اس پر سینڈرز نے اقتصادی معاملات پر ہلری پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انھوں نے "تباہ کن تجارتی معاہدے" کیے جن میں شمالی امریکی آزاد تجارتی معاہدہ اور چین کے ساتھ تجارتی تعلقات کو معمول پر لانا بھی شامل ہے جو سینڈرز کے بقول امریکہ میں بے روزگاری کا سبب بنے۔

ملک میں گن کنٹرول سے متعلق پوچھے گئے سوال پر دونوں امیدواروں کا کہنا تھا کہ اسلحہ فروخت کیے جانے سے پہلے خریدار کے بارے میں مکمل جانچ پڑتال ضروری ہے۔ لیکن کیا اسلحہ سازوں کا بھی احتساب کیا جانا ضروری ہے، اس پر دونوں کی رائے مختلف تھی۔

ہلری کلنٹن نے ایسے احتساب کی ضرورت پر زور دیا جبکہ سینڈرز کا کہنا تھا کہ ان کی حریف کی سوچ "امریکہ میں اسلحہ سازی ختم" کرنے کی سوچ ہو سکتی ہے۔

اب تک ہونے والی پرائمری انتخابات اور کاکسز میں ہلری کو سینڈرز پر واضح برتری حاصل ہے۔ ہلری کو 1123 ڈیلگیٹس جب کہ سینڈرز کو 484 کی حمایت حاصل ہے۔ جماعت کی طرف سے صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 2383 ڈیلیگیٹس کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG