رسائی کے لنکس

کامن ویلتھ گیمز ، ہاکی میں کب کس کا ٹکراؤ ہو گا


کامن ویلتھ گیمز ، ہاکی میں کب کس کا ٹکراؤ ہو گا
کامن ویلتھ گیمز ، ہاکی میں کب کس کا ٹکراؤ ہو گا

تین اکتوبر کو بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شروع ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں سترہ کھیلوں کے عالمی مقابلے ہوں گے ۔ ان میں میزبان بھارت اور پاکستان کا قومی کھیل ہاکی بھی خاص توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے ۔
ہاکی میں سونے کے تمغہ کے حصول کے لئے دس ٹیمیں پانچ اکتوبر سے جدوجہد شروع کریں گی جنہیں دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پول اے میں پاکستان کے علاوہ میزبان بھارت،آسٹریلیا ، ملائشیا اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں جبکہ پول بی انگلینڈ ، نیوزی لینڈ ، کینیڈا ، جنوبی افریقہ اور ٹرینی ڈاڈ اینڈ ٹو باگو کی ٹیموں پر مشتمل ہے ۔
پانچ اکتوبر کو چار ٹیمیں جیت کا عزم لیے دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں قدم رکھیں گی ۔پہلا ٹکراؤ بھارتی وقت کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے نیوزی لینڈ اور ٹرینی ڈاڈا اینڈ ٹوباگو کا ہو گا ،صبح ساڑھے دس بجے پاکستان ، اسکاٹ لینڈ پر اپنا سکہ بٹھانے کی کوشش کرے گا ، دن اڑھائی بجے کینیڈااور جنوبی افریقہ ایک دوسرے کو زیر کرنے کے درپے ہوں گے جبکہ رات ساڑھے دس بجے میزبان بھارت اور ملائشیا جیت کا جشن منانے کے لئے پرعزم ہیں ۔
چھ اکتوبر کو بھی چار ٹیمیں ایک دوسرے کے دانت کھٹے کرنے کے لئے بے چین ہوں گی۔ صبح آٹھ بجے آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گے ۔ سہ پہر ساڑھے پانچ بجے انگلینڈ اورٹرینی ڈاڈا اینڈٹو باگو ایک دوسرے کے خلاف سینہ سپر ہوں گی۔ شام ساڑھے چھ بجے نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں سے ایک کو جیت کا ذائقہ چکھنے کو مل سکتا ہے جبکہ رات دس بجے پاکستان اور ملائشیا میں سے ایک ٹیم فتح کے جشن کے ساتھ رات کی نیند کا اہتمام کر سکتی ہے ۔
سات اکتوبر کو دو ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملہ آور ہوں گی ۔ شام چار بجے کینیڈا اور انگلینڈ ایک دوسرے کی شام پھیکی کرنے کی کوشش کریں گے جبکہ شام کو ہی چھ بجے بھارت اور آسٹریلیا ایک دوسرے کو شکست کا کڑوا گھونٹ پلانے کیلئے مجبور کریں گی ۔

آٹھ اکتوبر کو ہاکی کے شائقین کیلئے دو مقابلے پیش کیے جائیں گے ۔ شام ساڑھے چھ بجے ٹرینی ڈاڈا اینڈٹوباگو اورجنوبی افریقہ مد مقابل ہوں گے جبکہ رات ساڑھے دس بجے ملائشیا اوراسکاٹ لینڈ میدان مارنے کی کوشش کریں گے ۔
نو اکتوبر کو چار میچوں کا فیصلہ ہو گا ۔ صبح آٹھ بجے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے جبکہ دن دس بجے پاکستان ، آسٹریلیا کے خلاف سرخرو ہونے کی کوشش کرے گا ۔ شام ساڑھے پانچ بجے ٹرینی ڈاڈا ینڈٹو باگواورکینیڈاطبع آزمائی کریں گے جبکہ رات ساڑھے دس بجے بھارت اور اسکاٹ لینڈ ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی سر توڑ کوشش کریں گے ۔
دس اکتوبر کے چار میچو ں کے ساتھ ہی پول میچوں کا اختتام ہو جائے گا ۔ دن بارہ بجے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ فتح اپنے نام کرنے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ دو بجے نیوزی لینڈ اور کینڈا اپنا زور باز دکھائیں گی ۔شام پانچ بجے آسٹریلیا اور ملائیشیامیں سے ایک مقدر کا سکندر ہو گا جبکہ رات سات بجے پاکستانی اور بھارتی شائقین کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہو جائیں گی اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت پول کے آخری میچ کو یاد گار بنانے کیلئے برسرپیکار ہوں گے ۔
بارہ اکتوبر کو ایونٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو جائے گا اور ایونٹ کی چار بڑی طاقتیں سیمی فائنل میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی دن پانچویں ، ساتویں اور نویں پوزیشن کیلئے بھی مقابلے ہوں گے ۔
صبح ساڑھے آٹھ بجے اپنے، اپنے گروپوں میں پانچویں اور سب سے آخری نمبر پر آنے والی ٹیمیں نویں پوزیشن کیلئے میدان میں اتریں گی ۔ دن گیارہ بجے پہلے سیمی فائنل میں پول (اے) میں سب کو مات دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا مقابلہ پول (بی) میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم سے ہو گا ۔ سہ پہر ڈیڑھ بجے پانچویں پوزیشن کیلئے اپنے پولز سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان تگ ودو ہو گی ۔
اس روز سہانی شام کا آغاز دوسرے سیمی فائنل سے ہو گا ۔ شام ساڑھے پانچ بجے فائنل میں پہنچنے کے سپنے سجائے پول (بی) کی ٹاپ ٹیم اورپول (اے ) کی دوسری نمبر پر آنے والی ٹیم میدان میں اتریں گی جبکہ اسی رات دس بجے اپنے ، اپنے پولز سے چوتھی پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں ساتویں نمبر کیلئے مقابلہ کریں گی ۔
چودہ اکتوبر وہ یاد گا ر دن ہو گا جب کسی ایک ٹیم کی کامن ویلتھ گیمز پر بالادستی قائم ہو گی ۔ اسی دن تیسری پوزیشن کا فیصلہ بھی ہو گا ۔ صبح نو بجے دونوں سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کے درمیان کانسی کے تمغے کیلئے جنگ ہو گی ۔ دن ساڑھے گیارہ بجے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں آخری معرکہ ہو گا اور جو جیتے گا وہی سکندر ہو گا ۔ جیتنے والے کو دن دو بجے منعقدہ تقریب میں سونے کا تمغہ پیش کیا جائے گا ۔

XS
SM
MD
LG