نئی دہلی میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی فتوحات کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جہاں پاکستان کی ہاکی ٹیم نے ایونٹ کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے ہرادیا۔
منگل کے روز نئی دہلی کے دھیان چند اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مینز ہاکی ایونٹ کے پول –اے کے پہلے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ عالمی ہاکی رینکنگ میں آٹھویں نمبر کے حامل پاکستان کی طرف سے پہلا گول 20 ویں منٹ میں شکیل عباسی نے اسکور کیا جس کےپانچ منٹ بعد ریحان بٹ نے ایک اور گول کرکے پاکستان کو برتری دلادی۔ کھیل کا تیسرا گول 45 ویں منٹ میں محمد عمران نے اسکور کیا۔
جواباً اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کوئی گول نہ کرسکی۔ گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آنے والی پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ کل ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ جبکہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے مقابلے میں میدان میں اترے گی۔
جیت کے بعد پاکستانی کپتان ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم عالمی ہاکی کپ میں اپنی خراب کارکردگی کے سبب پھیلنے والی مایوسی سے باہر نکل آئی ہے اور کامن ویلتھ گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلیے پرعزم ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ میں ناکامی کے بعد ٹیم میں کئی تبدیلیاں لائی گئی ہیں اور اب نئے کوچ اور نئے کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کے بعد ٹیم خاصی مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف آنے والے دو اہم میچوں میں اپنی بھرپور کاکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
دریں اثناء منگل کو ہونے والے پول بی کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو 1-4 اور دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹرینیڈاڈ اینڈٹوبیگو کو 1-7 سے شکست دے دی۔