رسائی کے لنکس

پاکستان میں سست انٹرنیٹ کی شکایات برقرار؛ معاملہ ہے کیا؟


  • انٹرنیٹ کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے بھی عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
  • ملک میں رابطوں کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی وٹس ایپ پر آڈیو میسج یا پھر تصویریں یا ویڈیو ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ نہ ہونے کی شکایات بھی عام ہیں۔
  • یہ سب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کے خلاف 'مذموم پروپیگنڈے' میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے 10 رکنی مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔
  • ڈیجیٹل رائٹس پر کام کرنے والے ہارون بلوچ کہتے ہیں کہ اس وقت عملی طور پر ملک بھر میں وی پی این کام نہیں کر رہا۔

اسلام آباد -- "ایک ہفتے سے زائد ہو گیا ہے انٹرنیٹ کی وجہ سے کوئی کام نہیں مل رہا، پہلے راستے بند تھے اور اب انٹرنیٹ ہی کام نہیں کر رہا۔ کبھی کوئی سواری مل جائے تو ٹھیک ورنہ اب تو سواری ڈھونڈنے کے لیے پیٹرول بھی نہیں بچا۔"

یہ الفاظ ہیں موٹر سائیکل پر سواری فراہم کرنے والی 'بائیکیا' کے ایک رائیڈر محمد ندیم کے جو اسلام آباد کی امن و امان کی صورتِ حال اور انٹرنیٹ کام نہ کرنے کی وجہ سے شدید پریشان ہے۔

حالیہ دنوں میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں احتجاج اور اس کے بعد وی پی این بلاک کرنے کے بعد ملک میں انٹرنیٹ اسپیڈ کم ہونے کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔

انٹرنیٹ کی غیر اعلانیہ بندش کی وجہ سے بھی عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

حکومت کی طرف سے اعلان کیا گیا تھا کہ 30 نومبر کے بعد غیر رجسٹرڈ شدہ وی پی اینز کو بند کر دیا جائے گا۔ اگرچہ اس میں فی الحال توسیع کی گئی ہے۔ لیکن اس کے باوجود بیشتر وی پی این بند ہو چکے ہیں اور انٹرنیٹ بار بار بند ہونے اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ایپس کام نہیں کر رہی۔

ملک میں رابطوں کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والی وٹس ایپ پر آڈیو میسج یا پھر تصویریں یا ویڈیو ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ نہ ہونے کی شکایات بھی عام ہیں۔

یہ سب ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے ریاست کے خلاف 'مذموم پروپیگنڈے' میں ملوث افراد کی نشاندہی کے لیے 10 رکنی مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے۔

اس جوائنٹ ٹاسک فورس کی سربراہی چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کریں گے۔

اس ٹاسک فورس میں آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جینس، جوائنٹ ڈائریکٹر انٹیلی جینس بیورو (آئی بی) کے ساتھ ساتھ جوائنٹ سیکریٹری داخلہ، جوائنٹ سیکریٹری وزارتِ اطلاعات و نشریات، ڈائریکٹر سائبر ونگ ایف آئی اے، ڈائریکٹر آئی ٹی وزارت اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس بھی شامل ہوں گے۔

جوائنٹ ٹاسک فورس کے لیے ٹی او آرز بھی طے کر لیے گئے ہیں۔ ٹی او آر کے مطابق ٹاسک فورس حالیہ احتجاج کے پیشِ نظر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی نشاندہی کرے گی۔

حکومت کے مطابق حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا گیا اور اسلام آباد میں سینکڑوں ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اب تک اسلام آباد میں 12 ہلاکتوں کا دعویٰ کیا ہے جس کی حکومت نے تردید کی ہے۔

حکومتی جوائنٹ ٹاسک فورس 10 دنوں میں اپنی سفارشات مرتب کر کے حکومت کو پیش کرے گی۔ ٹاسک فورس بدنیتی پر مبنی مہم چلانے والے ملک کے اندر اور باہر عناصر کی نشاندہی کرے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ بدنیتی پر مبنی مہم چلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، ٹاسک فورس پالیسی میں خامیاں پر کرنے کے لیے اقدامات تجویز کرے گی، ٹاسک فورس جعلی اور من گھڑت خبریں پھیلانے والے عناصر کی شناخت کرے گی۔

پاکستان کی وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اس صورتِ حال میں کاروباری صارفین اور فری لانسرز پر زور دیا ہے کہ وہ بلاتعطل وی پی این تک رسائی کے لیے اپنے آئی پیز کا اندراج جاری رکھیں۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت محفوظ مواصلات کی ضرورت سے پوری طرح آگاہ ہے اور وی پی این کو چالو کرنے اور استعمال کرنے کے عمل کو مزید ہموار کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ’ہم صارفین پر زور دیتے ہیں کہ وہ پی ٹی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے آئی پی پیز کا اندراج جاری رکھیں۔

'عملی طور پر ملک میں وی پی این کام نہیں کر رہا'

ڈیجیٹل رائٹس پر کام کرنے والے ہارون بلوچ کہتے ہیں کہ اس وقت عملی طور پر ملک بھر میں وی پی این کام نہیں کر رہا۔

حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کی ریلی کے وقت سے پورے ملک میں انٹرنیٹ بری طرح متاثر ہے اور جب صارفین نے وی پی این کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ انٹرنیٹ بھی بند ہو چکا ہے۔

ہارون بلوچ کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کی تاریخ دینے سے قبل ہی فائر وال ایکٹو ہو چکی تھی اور ایسا مواد جو سیاسی مخالفین کے حوالے سے تھا وہ بند کر دیا گیا ہے۔ اس صورتِ حال میں بیشتر سوشل میڈیا ایپس اور سائٹس پاکستان میں تقریباً غیر فعال ہو چکی ہیں جن میں ٹک ٹاک، انسٹا گرام زیادہ متاثر ہو رہی ہیں جب کہ ایکس پہلے ہی بند کی جا چکی ہے۔

انٹرنیٹ اسپیڈ سے متعلق ویب سائٹ 'ڈاؤن ڈٹیکٹر' کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کئی سوشل میڈیا سائٹس پر سروس نہ ملنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں وٹس ایپ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ اس پر وائس میسجز اور نارمل پیغامات بھیجنے میں بھی صارفین کو دشواری کا سامنا ہے۔

بعض صارفین کی جانب سے یہ شکایات بھی موصول ہوئیں کہ وٹس ایپ کمپیوٹر سے منسلک نہیں ہو رہا۔

اتوار اور پیر کو انسٹا گرام اور ٹک ٹاک ایپ نہ چلنے کی شکایات بھی آتی رہی ہیں۔ اسی طرح یو ٹیوب اور فیس بک کے بارے میں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ان کے سرور تک رسائی ممکن نہیں ہو رہی اور صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

راولپنڈی کے آئی ٹی فری لانسر ارشد مراد کہتے ہیں کہ موجودہ صورتِ حال میں کام کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے۔ ہم اس وقت پیڈ وی پی این استعمال کر رہے ہیں۔ لیکن وہ بھی کام نہیں کر رہے۔

بین الاقوامی اداروں کی طرف سے ڈیڈ لائنز دی جاتی ہیں جس طرح ہمارے ہاں انٹرنیٹ ہر کچھ دیر کے بعد کام کرنا چھوڑ دیتا ہے ایسے میں تو ہم اپنے ٹارگٹ پر کام پورا نہیں کر سکتے۔

'حکومت انٹرنیٹ سے متعلق بھی ٹاسک فورس بنائے'

پاکستان فری لانسر ایسوسی ایشن کے صدر اور سی ای او طفیل احمد خان نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ حکومت انٹرنیٹ کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دے جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین شامل ہوں۔

یہاں پروپیگنڈا کے حوالے سے تو ٹاسک فورس بنی ہے لیکن انٹرنیٹ صارفین کی مشکلات کے حل کے لیے بھی ٹاسک فورس بننی چاہیے جو وقت اور ضرورت کے مطابق تمام تبدیلیوں سے صارفین کو آگاہ کر سکیں۔

اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ وی پی این کی وائٹ لسٹنگ کا کہا جا رہا ہے۔ لیکن اگر تمام صارفین وائٹ لسٹنگ میں آ جائیں تو انہیں پھر انٹرنیٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔

طفیل احمد خان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہر ملک اپنی ضرورت کے مطابق غیر قانونی وی پی این سمیت مختلف ایپس بند کرتا ہے، دبئی میں واٹس ایپ بین ہے۔

اسی طرح پاکستان میں بھی اگر بین کرنا ہے تو بالکل کریں لیکن جو وی پی این قانونی اور رجسٹرڈ ہیں پھر انہیں کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں۔ اس وقت پاکستان دنیا بھر میں فری لانسرز کے نمبر کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے۔

تئیس لاکھ افراد فی لانس کام کر رہے ہیں اور ملک کے لیے سرمایہ کما رہے ہیں۔ لیکن اگر انہیں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم نہ کی گئی تو یہ صنعت کمزور ہو جائے گی۔

فورم

XS
SM
MD
LG