رسائی کے لنکس

کرونا وائرس سے لیبیا میں بڑی تباہی کا خطرہ ہے، عالمی ریڈ کراس کمیٹی


لیبیا کے شہر مصراتہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے قائم کیا جانے والا ایک خصوصی مرکز۔ 30 مارچ 2020
لیبیا کے شہر مصراتہ میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے قائم کیا جانے والا ایک خصوصی مرکز۔ 30 مارچ 2020

ریڈ کراس کی عالمی کمیٹی نے کہا ہے کہ لیبیا کے عوام کو پہلے ہی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں اور اگر ان حالات میں کرونا کی وبا پھیل گئی تو سخت تباہی مچے گی۔

عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ کرونا کو پھیلنے سے روکنے اور اس سلسلے میں علاج معالجے کے لیے ضروری طبی سہولتوں کو بھی بہم پہنچائے۔

اتوار کے روز تیونس سے جاری عالمی ریڈکراس کمیٹی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے کرونا وائرس کے حوالے سے لیبیا کے متعلق سخت تشویش ہے۔ وہاں پہلے ہی حالات دگرگوں ہیں اور وہ ملک اس وبا کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اس ابھرتے ہوئے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اسے امداد اور وسائل کی ضرورت ہو گی۔

انسدادی اقدامات کے طور پر سرحدوں کا بند کرنا اور کرفیو کا نفاذ لازم ہے۔ اگر ایسا گیا، تو پھر خوراک سمیت دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی ایک بڑا مسئلہ بن سکتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام کو یہ بھی یقینی بنانا ہو گا کہ عوام سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کریں۔

جہاں تک عالمی ریڈکراس کمیٹی کا معاملہ تو وہ اسپتالوں کو ادویات مہیا کرنے کے علاوہ بنیادی ہیلتھ کیئر کی سہولتیں اور ہیلتھ ورکرز کو ضروری ساز و سامان پہنچا رہی ہے۔ اس کے علاوہ خوراک صاف پانی اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل بھی کر رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG