رسائی کے لنکس

احتیاط نہ کی تو کرونا وائرس بہت مہلک ثابت ہو گا: ٹرمپ


صدر ٹرمپ کرونا وائرس ٹاسک فورس کی بریفنگ میں تقریر کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کرونا وائرس ٹاسک فورس کی بریفنگ میں تقریر کر رہے ہیں۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتباہ کیا ہے کہ امریکیوں کو سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطوں پر عمل کرنا ہو گا۔

انہوں نے خدشے کا بھی اظہار کیا کہ ایسا نہ ہوا تو وائرس سے اموات زیادہ بھی ہو سکتی ہیں۔

حکومت نے ہدایت نامے کی مدت میں 30 اپریل تک توسیع بھی کر دی ہے۔

صدر ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ کرونا وائرس ایک خوفناک عذاب ہے۔ آنے والے دنوں اور ہفتوں میں یہ تیزی سے پھیل سکتا ہے اور اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے 'فاکس اینڈ فرینڈز شو' میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس شرح میں صرف اسی صورت میں کمی آ سکتی ہے جب لوگ سماجی فاصلے کو قائم رکھیں اور دس افراد سے زیادہ کا اجتماع نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم کوئی اقدام نہ کرتے تو ہلاک ہونے والوں کی تعداد 22 لاکھ سے تجاوز کر سکتی تھی۔ ہم اموات کی اس ممکنہ تعداد کو کم کرنے لیے کوشاں ہیں۔

اس انٹرویو سے قبل پیر کے روز صدر ٹرمپ نے سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطوں کے وفاقی ہدایت نامے پر عمل درآمد کی مدت میں توسیع کرتے ہوئے اسے 30 اپریل تک جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے اس انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ امریکہ میں کرونا وائرس کی سب سے زیادہ ٹیسٹنگ ہو رہی ہے، اسی لیے کیسز کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت امریکہ میں مرنے والوں کی تعداد بہت سے ملکوں کے مقابلے میں کم ہے۔ یہاں یہ شرح ایک اعشاریہ سات فی صد ہے۔

اس سے قبل اتوار کو صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی عوام جتنی زیادہ احتیاط کریں گے اتنی جلدی یہ بھیانک خواب ختم ہو گا اور ہم معمول کی زندگی کی طرف لوٹ آئیں گے۔

XS
SM
MD
LG