رسائی کے لنکس

امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز دوبارہ بلند سطح پر


امریکہ میں کرونا وائرس کے نئے یومیہ کیسز کی تعداد دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے اور اب اسی مقام پر ہے جہاں وبا کے عروج پر تھی۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق، امریکہ میں منگل کو 34700 کیسز کی تصدیق ہوئی۔ صرف 9 اپریل اور 24 اپریل کو اس سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے جب 36400 کیسز کا علم ہوا تھا۔

امریکہ میں چھ ہفتوں سے زیادہ عرصے تک کیسز کم ہورہے تھے۔ لیکن، اب ایک ہفتے سے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ اگرچہ نیویارک اور نیوجرسی جیسے وبا کے پرانے مراکز میں مریض کم ہورہے ہیں، لیکن وائرس جنوبی اور مغربی ریاستوں کی طرف پھیل رہا ہے۔ منگل کو کئی ریاستوں میں یومیہ کیسز کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے جن میں ایریزونا، کیلی فورنیا، مسسی سیپی، نیواڈا اور ٹیکساس شامل ہیں۔

ایریزونا میں منگل کو 3600 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جو ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز ہیں۔ اسی دن سیکڑوں نوجوان ایک گرجاگھر میں جمع ہوئے، تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب سن سکیں۔

اس تقریب سے پہلے فینکس کی ڈیموکریٹ مئیر کیٹ گیلیگو نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں شہر میں محفوظ طریقے سے تقریب نہیں ہوسکتی اور انھوں نے صدر ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ وہ ماسک پہنیں۔ لیکن صدر ٹرمپ نے ایسا نہیں کیا۔

امریکہ میں وبائی امراض کے سب سے معتبر ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے منگل کو کانگریس کمیٹی کو بتایا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے آئندہ چند ہفتے بے حد اہم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو مجمع میں نہیں جانا چاہیے۔ اور اگر جانا پڑے تو ماسک ضرور پہنیں۔

کرونا وائرس کے کیسز صرف امریکہ میں نہیں، دوسرے ملکوں میں بھی بڑھ رہے ہیں۔ چین اور جنوبی کوریا میں وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا تھا، لیکن اب ایک بار پھر زیادہ نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔

پہلے جنوبی کوریا میں وبا کا مرکز اس کا چوتھا بڑا شہر تھا لیکن اب سب سے بڑے شہر سول میں زیادہ مریضوں کا پتا چل رہا ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سیکڑوں نئے کیسز معلوم ہونے کے بعد لاکھوں افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

بھارت میں اب تک ساڑھے چار لاکھ کیسز اور 14 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی کا حال زیادہ خراب ہے جہاں اسپتالوں میں مریضوں کے لیے جگہ نہیں بچی لیکن کیسز بڑھتے جارہے ہیں۔

امریکہ کے پڑوسی میکسیکو میں بدھ کو 800 اموات رپورٹ ہوئیں۔ ملک میں ایک لاکھ 90 ہزار کیسز اور 23 ہزار اموات ہوچکی ہیں لیکن حکام تسلیم کرتے ہیں کہ حقیقی تعداد زیادہ ہے، کیونکہ وبا کے پھیلاؤ کے مقابلے میں بہت کم ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق، دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 92 لاکھ کیسز کا علم ہوچکا ہے اور 4 لاکھ 77 ہزار سے زیادہ افراد اس وبا میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG