اومیکرون کے پھیلاؤ سے معمولات زندگی درہم برہم، حل کیا ہے؟
نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی امریکہ کو کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز سے منسلک ایک نئے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ ہے بچوں میں نئے ویرینٹ اومیکرون کا تیزی سے پھیلاؤ۔
سانس کے ذریعے منتقل ہونے والا یہ وائرس ایک ایسے موقع پر بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے جب موسم سرما کی تعطیلات کے بعداسکول کھولے جا رہے ہیں۔
امریکہ میں پانچ برس سے زیادہ عمر کے بچے اور بالغ افراد کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے اہل ہیں، جب کہ پانچ سال سے کم عمر بچے بھی اس وبا میں مبتلا ہو رہے ہیں، جس نے والدین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔
بیماریوں سے بچاؤ اور روک تھام کے امریکی ادارے سی ڈی سی کے مطابق تیزی سے پھیلنے والے نئے ویرینٹ کی وجہ سے امریکہ میں نئے کیسز کی روزانہ اوسط چار لاکھ سے بڑھ گئی ہے جو ایک ہفتہ پہلے کے مقابلے میں دو گنا اور دو ہفتے قبل کی اوسط تعداد سے تین گنا زیادہ ہے۔
پنجاب کی وزیرِ صحت یاسمین راشد بھی کرونا سے متاثر
پاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی کرونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہیں۔
امیکرون ویریئنٹ کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث پاکستان میں گزشتہ چند روز سے کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر کے ترجمان نے بتایا کہ بیٹے کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے منگل کو انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی تھی جس کے تمام شرکا کے کرونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سندھ : کرونا کیسز میں اومیکرون سے متاثر ہونے کی شرح 50 فی صد ہوگئی
پاکستان میں کرونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے پھیلاؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو حکومتِ سندھ کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ صوبے اور بالخصوص کراچی میں کرونا وائرس کے کیسز میں سے 50 فی صد میں اومیکرون ویریئنٹ کی تشخیص ہوئی ہے۔
سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق 351 کرونا کیسز میں سے 175 میں وائرس کا ویریئنٹ اومیکرون پایا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی اومیکرون ویریئنٹ کے کیسز بڑھ کر 101 ہوگئے ہیں۔
اومیکرون کے سب سے زیادہ کیسز ضلع جنوبی میں 39 اور اس کے بعد ضلع غربی میں 23 افراد میں اس ویریئنٹ کی تشیص ہوئی ہے۔
دہلی کے وزیرِ اعلی اروند کیجریوال کرونا پازیٹیو
دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔
اروند کیجریوال نے گزشتہ روز ریاست اتراکھنڈ کی ایک انتخابی ریلی سے خطاب بھی کیا تھا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اپیل کی ہے کہ گزشتہ چند روز میں ان کے رابطے میں آنے والے افراد خود کو قرنطینہ کرلیں۔