پاکستان میں مسلسل دوسرے روز پانچ ہزار کیسز رپورٹ
پاکستان میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور مسلسل دوسرے روز پانچ ہزار سے زیادہ نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان میں نو ماہ بعد پانچ ہزار کیسز سامنے آئے تھے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 669 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5472 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار آٹھ فی صد تک پہنچ گئے ہے اور 908 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
اسرائیل میں ویکسین کی چوتھی خوراک بھی اومیکرون روکنے میں ناکام
اسرائیل کے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جن لوگوں کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی چوتھی خوراک لگ چکی ہے، وہ بھی اومیکرون میں مبتلا ہو رہے ہیں۔
شیبا ہاسپیٹل نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے عملے کے 274 کارکنوں کو فائزر یا موڈرنا ویکسین کی چوتھی خوراک دی اور انہیں پتا چلا کہ اگرچہ بوسٹر لگانے سے جسم میں وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے، لیکن یہ اومیکرون کو پھیلنے سے روکنے میں معاون ثابت نہیں ہوا۔
اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر گلیلی ریگو یوچے نے پیر کے روز نامہ نگاروں کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ یہ ابتدائی نتائج ہیں اور ابھی ان کی اشاعت بھی نہیں ہوئی ہے، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ عوام کے پاس ویکسین کی چوتھی خوراک لگوانے سے پہلے ضروری معلومات ہونی چاہیئں۔
اسرائیل نے ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے افراد کو یہ پیش کش کی ہے کہ اگر وہ چاہیں تو ویکسین کی چوتھی خوارک حاصل کر سکتے ہیں۔
پاکستان: اسکولوں کی بندش سے متعلق اعلان جعلی قرار
پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کے روک تھام کے ذمے دار ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نے ملک بھر میں پرائمری اسکولوں کی بندش سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اعلان کو جعلی قرار دیا ہے۔
پاکستان میں منگل کو این سی او سی کے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اسکولوں کی بندش کا اعلان سامنے آیا تھا۔ این سی او سی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اسے جعلی قرار دیا ہے۔
جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے کہا گیا تھا کہ اگلے احکامات تک ملک بھر میں پرائمری اسکول بند رہیں گے جس کا فیصلہ این سی او سی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔
این سی او سی نے آفیشل اکاؤنٹ سے پرائمری اسکولوں کی بندش کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے جعلی اکاؤنٹ کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 10 اموات
پاکستان میں کرونا وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 29 ہو گئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر کے وسط سے پاکستان میں وبا سے اموات کی شرح میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی جس میں کافی حد تک کمی آ بھی گئی تھی البتہ اب اس میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے۔