جرمنی میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ
جرمنی میں ایک روز کے دوران پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 12 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار مزید 239 مریض دم توڑ گئے ہیں۔
بدھ کو سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد جرمنی میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 81 لاکھ 86 ہزار 850 ہو گئی ہے اور اس وبا کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 81 تک پہنچ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد جرمنی کے وزیرِ صحت کارل لٹربچ کا کہنا ہے کہ کرونا کی نئی لہر فروری کے وسط میں اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
وزیرِ صحت کے بقول ان کے خیال میں رپورٹ نہ ہونے والے کرونا کیسز کی موجودہ تعداد معلوم اعداد و شمار سے دو گنا زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اومیکرون کیسز بھی سامنے آ رہے ہیں اور گزشتہ سات روز کے اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ افراد میں سے تقریباً 584 افراد کرونا سے متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ مئی میں شہریوں کو لازمی ویکسین لگانے کی ضرورت پیش آئے گی۔
پاکستان: ان ڈور تقریبات پر پابندی، تعلیمی سرگرمیاں محدود کرنے کا اعلان
پاکستان میں کرونا وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وبا پر قابو پانے کے لیے نئی ایس او پیز کا اعلان کیا ہے۔
این سی او سی کے مطابق ایسے اضلاع یا شہر جہاں کرونا مثبت کیسز کی شرح دس فی صد سے زائد ہے وہاں شادی بیاہ اور دیگر اِن ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔ البتہ آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ 300 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔ ان پابندیوں کا اطلاق 24 جنوری سے ہو گا۔
اسی طرح جن علاقوں میں کرونا مثبت کیسز کی شرح دس فی صد سے زائد ہے وہاں سنیما، پارکس، مزاروں اور جم میں 50 فی صد حاضری کی اجازت ہو گی۔ ایسے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچے متبادل دن اسکول جا سکیں گے تاہم ویکسین لگوانے والے 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی کلاسز مکمل حاضری کے ساتھ چلیں گی۔
این سی او سی کے مطابق کاروباری سرگرمیاں کسی بھی وقت کی پابندی کے بغیر جاری رہیں گی، دفاتر میں کام بھی نارمل اوقات کار میں چلیں گے اور گھر سے کام کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
این سی او سی نے کہا ہے کہ ٹرینوں کو 80 فی صد گنجائش کے ساتھ چلایا جائے گا اور مسافروں پر سفر کے دوران ماسک پہننا لازم ہو گا۔
این سی او سی کے مطابق کرونا پھیلاؤ والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جائے گا۔
شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت
پاکستان میں حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شہباز شریف نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے جب کہ ڈاکٹروں نے بھی انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
امریکہ: گھر بیٹھے کرونا کی مفت ٹیسٹ کی سہولت
امریکہ کی حکومت نے ایسی ویب سائٹ متعارف کرا دی ہے جس کے ذریعے شہری کرونا ٹیسٹ کی کٹ گھر بیٹھے منگوا سکتے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق شہری اب 'کووڈ ٹیسٹ ڈاٹ جی او وی' پر جا کر وہاں فی گھرانے کے لیے کرونا کی چار کٹس آرڈر کر سکتے ہیں جو کہ انہیں مفت دستیاب ہو گی اور یہ پوسٹل سروس کے ذریعے ان کے گھروں تک پہنچائی جائے گی۔
ویب سائٹ پر آرڈر کرنے کے بعد شہریوں کو ٹیسٹ کٹ سات سے 12 روز کے دوران گھر پر مل جائے گی۔
صدر جو بائیڈن نے دس کروڑ امریکی شہریوں کے لیے مفت ٹیسٹ کا وعدہ کیا تھا۔ بائیڈن انتظامیہ پر تنقید کی جا رہی تھی کہ وہ کرونا ٹیسٹ پر توجہ نہیں دے رہی جس کی وجہ سے امریکی شہریوں کو طویل قطاروں میں لگنا پڑتا ہے۔